Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ (ن) کیلئے خطرے کی گھنٹی

***خلیل احمد نینی تال والا***
قوم نے سینیٹ کے الیکشن دیکھے جس میں عوام کا کوئی کردار نہیں ہوتا البتہ قوم کے چنے ہوئے نمائندگان ہی سینیٹ میں اپنے اپنے نمائندے چنتے ہیں ۔تاکہ صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی میں ان کی پارٹی سینیٹ میں اپنی نمائندگی کرسکے ۔برس ہا برس سے ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔ پارٹی کے عہدیداران اپنے ہی پارٹی کے امیدوار کو چنتے ہیں ۔مگر گزشتہ سال سے جب مسلم لیگ(ن) کا رویہ فوج ،اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کے ساتھ بہت جارحانہ دیکھنے میں آرہا تھا ۔خصوصاً پانامہ لیکس کی روشنی میں جب عدلیہ نے ان کے معاملات نیب کے حوالے کئے تو وہ صادق اور امین نہیں پائے گئے۔ تو ان کو نااہلی کا سامنا کرنا پڑا ۔جو  ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے نورتنو ںپر بہت گراں گزارا ۔ سب نے مل کر عدلیہ کے خلاف کھل کر محاذ بنایا اگرچہ ابھی تک ان نو رتنوں میں صرف نہال ہاشمی ،دانیال عزیز اور عابد شیر علی شکنجے میں آئے ہیں ۔ڈان لیکس جو فوج کے خلاف چھپوایا گیا مواد اگر چہ مریم نواز کی کاروائی تھی مگر ان کو آنکھوں میں دھول جھونک کر پرویز رشید کو پھنسوادیاگیا۔ دبائو میں آکر وزارت سے تو ہٹادیا گیا ،لاکھ وزیر داخلہ چوہدری نثار  اس واقعہ پر سے پردہ ہٹاکر فوج کوکلیئر کرنا چاہتے تھے مگر شہباز شریف  کی دوستی کام آگئی۔معاملہ بظاہر تو ٹھنڈا ہوگیا مگر حقیقت تو سب پر عیاں ہوچکی تھی ۔غالباًان کے نورتنوںکا مزاج ہمیشہ جارحانہ ہی رہا ،جس کی وجہ سے وہ جلاوطن بھی ہوئے پھر نااہل بھی ہوئے مگر انہوں نے وقت سے سبق نہیں سیکھا اور مزید شدت پکڑلی۔ ابھی پانامہ لیکس میں نیب کا فیصلہ آنے والا ہے اور نہال ہاشمی دوبارہ پیشیاں بھگت رہے ہیں ۔
اب میں آتاہوں تیسری اچانک تبدیلی کی طرف بلوچستان حکومت میں راتوں رات تبدیلی دیکھنے میں آئی۔پہلے تو مسلم لیگ ن کے خلاف بغاوت ہوئی اور وزیراعلیٰ سب سے اقلیتی پارٹی سے لائے گئے جس میں اندرونی طور پر خود مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعتوں نے بھی ساتھ چھوڑ کر مسلم لیگ(ق) سے ناتہ جوڑلیا ۔اور انکے وزیراعلیٰ قدوس بزنجو کو چن کر حیر ت میں ڈالدیا گیا ۔گویا یہ خطرے کی پہلی گھنٹی تھی جس سے نواز شریف اور ان کچن کیبنٹ حیران و پریشان تو ہوئی مگر اس کی پروا نہیں کی ۔ سابق صدر آصف علی زرداری کھل کر کہہ چکے تھے کہ اب مسلم لیگ(ن) سینیٹ میں اپنا امیدوار کامیاب نہیں کرواسکے گی ۔گویا اُن کا اشارہ بلوچستان کے سینیٹروں کی خرید وفروخت کا بازار لگانے کا تھا پھر بھی مسلم لیگ (ن) والے بڑے مطمئن تھے کہ اکیلا پنجاب ان کیلئے کافی تھا ۔اور اُن کے اتحادی ملاکر اُن کو کوئی خطرہ نہیں تھا وہ سمجھتے تھے ۔ کہ پی ٹی آئی کے عمران خان نہ ان کے امیدوار کی حمایت کرینگے نہ پی پی پی کے زرداری  کے امیدوار کو ووٹ دلوائیں گے۔گویا ڈرنے کی کوئی بات ہی نہیں ہے وہ بھول گئے تھے کہ سیاست اور کرکٹ میں آخر ی بات کوئی نہیں ہوتی۔ کبھی کبھی 2جمع 2پانچ بھی بن جاتے ہیں ۔وہی ہوا جب منڈی کھلی اور آوازیں کروڑوں روپوں کی آنے لگیں تو ہر طرف ہل چل مچ گئی۔منڈی جن کے لئے لگی تھی وہ دھڑا دھڑ کودکودکر آنے لگے ۔سندھ سے ایم کیو ایم کا توڑ جوڑ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا تو سب نے آخری مرتبہ ہاتھ دھونے میں ہی عافیت جانی اور وعدے وعید کہیں اور ہوئے اور ووٹ کہیں اور پڑے۔ اتحادی جماعتوں نے بھی ’’اوپر‘‘ والوں سے ڈر کر مسلم لیگ (ن)سے بے وفائی دکھادی اور بہانے بناکر اپنا کام کرگئے ۔ زرداری  بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ اور سندھ سے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ یعنی ان کے لائے ہوئے امیدوار کو کامیاب کراکر ہی لوٹے۔
اب مسلم لیگ(ن) کے ہوش اُڑ گئے ان کے منصوبوں پر پانی پھر گیا ۔خصوصاًان کے غصے کی زد میں عمران خان ہی آئے جبکہ بیج تو مولانا فضل الرحمن نے بویا تھا ۔عمران خان نے غیر ارادی طور پر عجلت میں اپنا ارادہ بدل ڈالا ۔وہ ایسے ہی فیصلے کرتے ہیں جیسے اصغر خان تحریک استقلال والے کرتے تھے ۔لاکھ وہ صفائیاں اب پیش کرتے  رہیں ۔غلطی تو ہوگئی جس کو مریم نواز اور نواز شریف یہ کہہ کر اپنے آپ کو بہلا رہے ہیں کہ ہم ہار کربھی جیت گئے اور وہ جیت کر بھی ہار گئے۔ جب یہ منڈیاں لگ رہی تھیں توقوم جاننا چاہتی ہے کہ چھوٹے چھوٹے معاملات پر تو عدلیہ سوموٹو ایکشن لے کر روک ٹوک کرتی ہے تو اتنی بڑی سنگین بے قاعدگی کو سب نے کیسے برداشت کیا اور اب یہ فروخت شدہ مال سینیٹ میں جاکر کیا گل کھلائے گا ۔اب جاکر الیکشن کمیشن کی آنکھ کھلی ہے تو وہ لوگوں کو بلابلاکر پوچھ رہا ہے کہ یہ سب کچھ کیسے اور کس نے کیا ۔بقول شاعر:
پتہ پتہ بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے
جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے
اب اگلا مرحلہ نگراں حکومت کا ہے جس کیلئے توڑجوڑ شروع ہوچکی ہے ۔پھر الیکشن کا مرحلہ شروع ہوگا ۔اس دوران چند فیصلے ہونگے چند دھماکے ہونگے۔ اُس کیلئے کوئی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی۔ یہ "اوپر "والے جانتے ہیں۔جب تک یہ نورتن میاں صاحب کے مشیر رہیں گے وہ جارحانہ مشورے دینگے تو ایک آدھ وکٹ اور گر جائیگی۔کالم ختم کرنے سے پہلے ایک لطیفہ یا د آرہا ہے کہ ایک میراثی کا لڑکا شہر سے پڑھ لکھ کر گائوں واپس آیا تو میراثی اُس کو چوہدری صاحب سے ملانے لے گیا ۔کیونکہ میراثی کو چوہدری صاحب پسند کرتے تھے ۔اتفاق سے چوہدری صاحب کی لڑکی پر میراثی کے لڑکے کی نظر پڑی تو گھر آکر اُس نے باپ سے کہا کہ میں چوہدری صاحب کی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہوں ۔میراثی باپ نے بہت منع کیا کہ بیٹا ایسا نہیں ہوسکتا ۔لڑکا اکلوتا تھا ضد کربیٹھا ،مجبوراً چوہدری صاحب کے پاس جاکر اُس کی بیٹی کا رشتہ مانگ لیا ۔چوہدر ی آگ بگولہ ہوگیا جب اُس نے اصرار کیا تو چوہدر ی کے آدمیوں نے خوب مارا پیٹا اور حویلی سے باہر پھینک دیا۔ وہ لنگڑا تا ہوا اُٹھا اور کہا چوہدری صاحب میں کیا سمجھوں  ہاں یا نہ۔یہی کچھ کیفیت مسلم لیگ(ن) کی ہورہی ہے مگر وہ سمجھنا نہیں چاہتے ۔شاید شہباز شریف ہی کوئی نئی پالیسی لائیں ۔
 

شیئر:

متعلقہ خبریں