Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرے خلاف ہاتھ دھو کر پڑے ہیں،نواز شریف

 
اسلام آباد...سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف ہاتھ دھو کر پڑے ہیں۔ اداروں کی عزت کرنے والا آدمی ہوں۔ عدلیہ کے لئے لانگ مارچ بھی کیالیکن جو فیصلہ آیا وہ میری اور قوم کی نظر میں ٹھیک نہیں تھا۔ اب تو سپریم کورٹ کے اندر سے بھی آوازیں آرہی ہیں۔ گزشتہ روز ایک جج کے ریمارکس سب کے سامنے ہیں۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کیس پانا مہ کا تھا اور نااہلی ،اقامہ پر کی گئی۔ پانا مہ کیس کے فیصلے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے جج کے ریمارکس کوئی معمولی بات نہیں۔ نااہلی سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف بولنا میرا اور میری پارٹی کا حق ہے۔ احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ میرے خلاف بلیک لاء ڈکشنری کا سہارا لے کر فیصلہ لکھا گیا۔مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔ اب میرے خلاف توہین عدالت کیس میں فل بنچ بنادیا گیا ۔ عوام کی توہین ہوئی ہے وہ اپنی توہین کہاں فائل کریں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے اقبال جرم کیا پھر بھی صادق اور امین ٹھہرے۔سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کو نااہل کیا لیکن کوئی جے آئی ٹی نہیں بنائی۔ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کے خلاف نیب ریفرنسز دائر کرنے کا بھی نہیں کہا۔ یہ دہرا معیار نہیں چلے گا، انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہورہے۔نواز شریف نے شیخ رشید کا نام لئے بغیر کہا کہ جو سب پر باتیں کررہے تھے ان کا اپنا کیس سامنے آگیا ۔ انہوں نے کروڑوں روپے کی زمین چھپائی۔اب وہ توہین کی درخواست کہاں دائر کرے گا۔
 

شیئر: