Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے،صدر ممنون

  اسلام آباد...صدر ممنون نے کہا ہے کہ خطے میں امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کی امن دوستی کو کمزوری سمجھنا خطرناک ثابت ہوگا۔ ہمارا ہمسایہ اپنی فوجی قوت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔یوم پاکستان پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کےلئے کھڑا ہوا اوران قوتوں کو بھی یہ پیغام دیا جو ایسا نہیں چاہتیں۔بعض طاقتوں کی جانب سے خطے میں دہشت گردی کو ہوا دینے کا عمل جاری ہے۔ مسلح افواج نے دہشت گردوں کے خلاف غیر معمولی قربانی دیں۔ امن و امان کی بحالی میں قربانیاں دینے والوں کے لئے تمغہ عزم کا اعلان کرتا ہوں۔صدرنے کہاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی دنیا میں مستقل امن کےلئے کوششیں کرنے اور دوسرے ملکوں کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہے۔ آج دنیا کا سیاسی نظام طاقت کے واحد مرکز کا مطیع نہیں۔ کوئی اپنی مرضی اور فیصلے دوسروں پر مسلط نہیں کرسکتا۔انہوںنے کہا کہ پاک فوج نے اقوام متحدہ کی چھتری تلے قیام امن کےلئے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ افغانستان میں امن کیلئے بھی کلیدی کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے تحت استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے انتباہ کیاکہ ہند کشمیریوںکی تحریک آزادی پر ظلم کے پہاڑ توڑنا بند کردے ۔ آزادی کی تحریک کو ظلم سے نہیں دبایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے جائز حق کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ 
مزید پڑھیں: عرب امارات کے دستے کی فوجی پریڈ میں شرکت

شیئر: