عوامی منصوبوں کی سیاسی تشہیر پر پابندی
لاہور... آئندہ عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن عوامی پیسے سے مکمل ہونے والے منصوبوں پر عوامی نمائندوں کی تشہیری تختیاں لگانے پر پابندی عائد کر دی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق کسی بھی اسکول، اسپتال، سڑک، ٹیوب ویل یا کوئی بھی ترقیاتی اسکیم پر سیاستدانوں کے نام سے سجی تختیاں نہیں لگیں گی۔ وفاقی و صوبائی وزرا، رکن قومی و صوبائی اسمبلی یا پارٹی لیڈر کے نام کی تختی نہیں لگائی جاسکتی۔حکم نامے میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل( 3) 218 کے تحت پابندی لگائی ہے تاکہ آئندہ عام انتخابات پر اس کے اثرات مرتب نہ ہوں۔ یکم مارچ 2018 ءسے اب تک جن بھی اسکیموں پر سیاستدانوں کی تختیاں لگ چکی ہیں وہ فوری طور پر ہٹائی جائیں۔مستقبل میں بھی نہ لگنے دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی عوامی ترقیاتی منصوبے کی تشہیر یا افتتاح کی تشہیر عوامی رقم کے ذریعے کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔انہوں نے سیاستدانوں کو خبردار کیا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کی خلاف ورزی کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے حکم نامے کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ارسال کی۔حکم نامے میں الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے چیف سیکرٹریز کو رپورٹ بھی جلد بھجوانے کی ہدایت کی گئی۔