Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپیئنز لیگ: رئیل میڈرڈ تیسری مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گئی

میڈرڈ:چیمپیئنز لیگ کوارٹر فائنل مرحلے کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ کو اس کے سپر اسٹار کھلاڑی رونالڈو کے ڈرامائی گول نے بارسلونا جیسے انجام سے بچا لیا اور میزبان ہسپانوی کلب مہمان اطالوی ٹیم جوونٹس کو 4-3کے مجموعی اسکور سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ جوونٹس کے ہوم گراونڈ پر کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں رئیل میڈرڈ نے 0-3سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میچ کے مقررہ وقت میں اطالوی کلب حیرت انگیز طور پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے0-3 سے آگے تھا تاہم انجری ٹائم میں پنالٹی کک پر رونالڈو کے گول نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور جوونٹس کا لیگ میں سفر بھی تمام ہوگیا۔ گزشتہ سال کلب نے فائنل میں رئیل میڈرڈ کا مقابلہ کیا تھا۔ اطالوی کلب جوونٹس اس میچ کےلئے رئیل میڈرڈ کے ہوم گراونڈ پہنچا تھا ۔پہلے مرحلے کے کوارٹر فائنل میں یکطرفہ فتح کے نتیجے میں رئیل میڈرڈ کے حوصلے بلند تھے لیکن جوونٹس نے دوسرے کوارٹر فائنل میں تمام کسر نکال دی۔میچ کے دوسرے ہی منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کرنے کے بعد جوونٹس نے 60منٹ کے اندر رئیل میڈرڈ کی پہلے مرحلے کی برتری کا خاتمہ کردیا تھا ۔ کروشین کھلاڑی ماریو منڈزوکچ نے 37منٹ میں اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کرکے برتری مستحکم کردی ۔ پہلا ہاف 0-2سے جوونٹس کے حق میں ختم ہوا ۔ دوسری ہاف کے دوران 60 ویںمنٹ میں رئیل میڈرڈ کے گول کیپر نے ایک فاش غلطی کی جس کا مہمان ٹیم کے کھلاڑی بلیسی متودی نے پورا فائدہ اٹھا کر تیسرا گول کردیا اور یوں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابر ہو گیا ۔ کھیل انجری ٹائم میں داخل ہوا توخیال تھا کہ اب فیصلہ فاضل وقت میں ہی ہو سکے گا لیکن اطالوی کلب کے مراکشی کھلاڑی مہدی امین نے اپنے باکس میں رئیل میڈرڈ کے لوکاس ویزکز کو بری طرح گرایا جس پر ریفری نے رئیل میڈرڈ کو پنالٹی کک دے دی۔ ریفری کے اس فیصلے پر جوونٹس کے گول کیپر اور کپتان گیان لوگی بفون نے ہنگامہ کردیا اور ریفری کے فیصلے پر احتجاج کرنے لگے ان کے جارحانہ طرز عمل پر انگلش ریفری نے انہیں ریڈ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر کردیا ۔ اس صورتحال کی وجہ سے کھیل4منٹ رکا رہا اور متبادل گول کیپر کے آنے پر کرسٹیانو رونالڈو نے پنالٹی کک پر گول کردیا جس کے نتیجے میں رئیل میڈرڈ مسلسل تیسری مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔

شیئر: