Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سرمایہ کار پاکستان آئیں، تمام سہولتیں ملیں گی، چیئرمین بزنس کونسل

ریاض.... پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین اور وزیر مملکت نعیم زمیندار نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان آئیں۔ انہیں تمام سہولتیں ملیں گی۔ مختلف شعبوں خصوصاً کھیتی باڑی، مویشیوں کی افزائش، توانائی ، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کریں۔ وہ منگل کو ریاض ایوان صنعت و تجارت کے زیر اہتمام "پاکستانی انوسٹمنٹ فورم"کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ نعیم زمیندار نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو اسلامی دنیا کا دل اور مسلمانوں کا مرکز مانتا ہے اور مملکت کے ساتھ اسٹراٹیجک شراکت کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ پاکستانی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے متعدد سہولتیں فراہم کی ہیں۔ سعودی سرمایہ کاروں کو اولین حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ افغانستان میں خانہ جنگی کے باعث پیدا ہونے والا انتشار ختم ہو گیا ہے اور اب پاکستان میں استحکام پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی اور پٹروکیمیکل مصنوعات شعبوں میں اہم منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان اس وقت عالمی اقتصاد میں 24ویں نمبرپر ہے۔ 2030تک 20ویں نمبر پر آنے کیلئے کوشاں ہے۔ سعودی عربین جنرل انوسٹمنٹ اتھارٹی (ساجیا) کے گورنر ابراہیم العمر نے امید ظاہر کی کہ نئے فور م کی بدولت دونوں ملکوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں شراکت موثر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک سرمایہ کاروں کے تحفظ کا معاہدہ جلد کر لیں۔ پاکستان میں سعودی سرمایہ کار کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی ڈھانچے کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 300پاکستانی سرمایہ کار مملکت میں ہیں۔ ایک ارب ریال لگائے ہوئے ہیں۔ فورم کے اجلاس میں ریاض ایوان تجارت کے چیئرمین احمد الراجحی ، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی ، مملکت میں پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق اور دونوں ملکوں کے سرمایہ کار موجود تھے۔ 

شیئر: