Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیکسی ڈرائیور نے اغوا کی کوشش کی، اداکارہ نازش

 پاکستان کی ٹی وی اداکارہ و ماڈل نازش جہانگیر خان نے نجی ٹیکسی کمپنی کےخلاف آواز اٹھائی اور اپنے ساتھ ہونے والا واقعہ بھی بیان کیاہے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر اداکارہ و ماڈل نازش نے کہا کہ میں نے کام پر جانے کے لئے ٹیکسی بک کروائی۔ میں جیسے ہی گاڑی میں بیٹھی، مشال خان نامی ڈرائیور نے مجھ سے کہاکہ ”چل کر تھوڑا آگے آ جاتیں، ہم تم لوگوں کے نوکر نہیں ہیں۔“ڈرائیور کے لہجے پر میں حیران ہوئی اور مجھے بے حد غصہ آیا۔ مجھے دفتر سے دیر ہو رہی تھی لہٰذا میں نے ڈرائیور سے اتنا کہا کہ آپ کو کیا مسئلہ ہے؟ آپ گاڑی چلائیں۔ میرا اتنا کہنا تھا کہ ڈرائیور نے اونچی آواز میں مجھ پر چلانا شروع کر دیا اور دشنام طرازی پر اتر آیا۔ میں نے بھی گالی دے کر ڈرائیور کو سختی سے کہا کہ سی ویو پرگاڑی روکے لیکن ڈرائیور نے مجھ سے کہا کہ میں گاڑی نہیں روکوں گا اور تمہیں اپنے بھائی کے پاس لے کر جاﺅں گا۔اتنا کہہ کر اس نے گاڑی کے دروازے لاک کر دیئے ۔ میں نے شیشہ نیچے کر کے چلانا شروع کر دیا۔ میرا ایک دوست سی ویو پر ہی رہتا تھا ،وہ بھی اپنے گھر سے باہر تھااور اس نے مجھے گاڑی میں دیکھ کر گاڑی روکنے کی کوشش کی لیکن ڈرائیور نے کسی طور گاڑی نہیں روکی۔ تھوڑا آگے جا کر ڈرائیورنے ایک فوڈ چین کے پاس گاڑی روکی اور خود گاڑی سے نکل کر فرار ہو گیا۔
نازش نے بتایا کہ میں نے 15 پر کال کر کے پولیس کو بھی بلوالیا لیکن وہ ڈرائیور 3 گھنٹے گزر جانے کے باوجود واپس نہیں آیا۔ ایسا نہیں ہے کہ اس نے میرے ساتھ بدتمیزی کی لیکن اس نے مجھے نقصان پہنچانے کی بھی کوشش کی۔ اس نے مجھے دھمکانے کے ساتھ ساتھ اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔ نازش کی اس پوسٹ پر صارفین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ نازش نے ڈرائیور کی تصویر بھی پوسٹ کی ہے۔
 

شیئر: