سی پیک سے آئندہ نسلیں بھی فائدہ اٹھائیں گی،شاہد خاقان
کراچی... وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے سی پیک صرف موجودہ ہی نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لئے بھی شاندار ثمرات کا حامل منصوبہ ہے جس سے پاکستان سمیت وسیع تر خطہ فائدہ اٹھائے گا۔ سی پیک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ3 سال سے بھی کم عرصہ میں یہ منصوبہ ایک حقیقت بن چکا ہے۔ اس منصوبے نے پاکستان کو مجموعی ترقی و خوشحالی کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان سمیت چین کے لئے اہم ہے۔ اس منصوبے کے ثمرات نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان سمیت دیگر ممالک بھی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں دو طرفہ تجارتی راستے ہیں جو صرف پاکستان کے لئے نہیں بلکہ مغربی چین، وسطی ایشیا، اور افغانستان کے لئے بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت خاص معاشی زون بنائے جائیں گے ۔اس میں سرمایہ کاری کے لئے وسیع مواقع ملیں گے ۔چینی سفیر یاو¿ جنگ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 40 برسوں سے چین اپنی معیشت کی ترقی اور اسے بڑھانے کے لئے ہر ممکن کو شش کر رہا ہے۔ لوگوں کے فائدے کے سوشلزم اور معیشت کو ایک ساتھ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو دیگر ریاستوں کے لئے مثال بنانا چاہتا ہے۔سی پیک سے صرف ایک اقتصادی ترقی نہیں بلکہ معاشرے کی ترقی چاہتے ہیں۔