کوشش ہے نگراں وزیراعظم نیوٹرل آئے، خورشید شاہ
اسلام آباد...قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات جلد جلد ہونے چاہئیں ۔نگراں وزیراعظم کے نام پر پارٹی قیادت سے مشاورت نہیں ہوئی۔منگل کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی موجودگی میں پارٹی میں مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر آدمی کا کسی بھی پارٹی سے الحاق ضرور ہے۔الحاق ہونا الگ، کسی پارٹی کا عہدے دار ہونا الگ بات ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ایسے شخص کا نام لینا جو کسی پارٹی میں عہدے دار رہا ہو نظر آئے گا کہ کسی پارٹی کا بندہ ہے۔ایسے شخص کو نگراں وزیراعظم بنانے سے گریز کیا جائے گا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم نیوٹرل آئے اور ایڈمنسٹریشن میں ایگزیکٹو کام کر چکا ہو۔ جانے پہچانے اور تجربہ کار شخص کو ترجیح دی جائے گی۔ پوری کوشش ہو گی کہ میرے اور وزیراعظم کے درمیان نام پر اتفاق ہو جائے۔ امید ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے گا۔