Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اوجر کے قرضوں کی تنظیم نو ، ملازمین کو کوائف پیش کرنے کی ہدایت

ریاض..... باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی وزارت محنت ، سعودی اوجر کمپنی کے قرضوں کی تنظیم نو کے لئے کوشاں ہے۔ اس مقصد کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔ سعودی عریبین مانیٹری ایجنسی (ساما) نے بینکوں سے کہا ہے کہ سعودی اوجر پر مطالبات کے مسائل حل کرنے کیلئے جلدہی ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔ یہ وزارت محنت اور وزارت انصاف کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔ اسکے تحت ملازمین اور بینکوں کے قرضوںکی گتھیاں سلجھائی جائیں گی۔ شروع میں ملازمین کے حقوق قرضوں پر آنے والے واجبات اور سرکاری بقایا جات کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر طے کیا جائیگا پھر بینکوں کے حقوق پر توجہ دی جائیگی۔ ایک مقامی اخبار کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق سعودی اوجر نے اپنے ملازمین کے نام تحریری بیان میں واضح کیا ہے کہ وہ 31جولائی 2017ءسے سعودی مارکیٹ سے مکمل اور حتمی طور پر اپنے تمام معاملات کا تصفیہ کرلے گی۔ مکتب العمل نے سعودی اوجر کمپنی کے ملازمین کو ہدایت جاری کرکے کہا ہے کہ اپنے کوائف پہلی فرصت میں پیش کردیں ۔ یہ ہدایت ایسے وقت میں دی جارہی ہے جبکہ سعودی اوجر کے خلاف ایگزیکٹیو آرڈرز جاری ہونےوالے ہیں۔ سعودی مکتب العمل سے ملازمین اس قسم کے بیان کا انتظار کئی ماہ سے کررہے تھے۔مکتب العمل خاموشی سادھے ہوئے تھا۔ اطلاعات یہ ہیں کہ سعودی وزارت انصاف حقوق کے مقدمات کے فیصلوں پر عملد درآمد کی بابت بیان جلد جاری کرنے والی ہے۔ اسی لئے لافرمز سے کہا گیا ہے کہ وہ وزارت محنت کے ساتھ تال میل پیدا کریں اور اپنے موکل ملازمین سے مطلوب تمام دستاویزات جمع کرلیں۔ انکی فائلیں مکمل کرلیں۔ مملکت کے اندر اور باہر تمام متعلقہ افراد اقامے، بینک کارڈ اور اکاﺅنٹ نمبر کی فوٹو کاپیاں جمع کرادیں۔ ملازمین سے مندرجہ ذیل پتے پر دستاویزات بھیجنے کیلئے کہا گیا ہے جس کا ای میل ایڈریس [email protected] ہے۔
 

شیئر: