پتہ نہیں نواز شریف اڈیالہ جاتے ہیں یا لانڈھی جیل ،زرداری
لاہور... پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے الیکشن 2018ءسے قبل لاہور میں 5 جلسے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بلاول ہاوس لاہور میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ نواز شریف کو حکومت بنانے دی۔ نواز حکومت کو اس لئے کچھ نہیں کہا کہ ملک میں جمہوریت چلتی رہے جب نواز شریف کو اقتدار ملا تو وہ مغل اعظم بن گئے۔انہوں نے پیپلز پارٹی سے دوستی کی آڑ میں کھلواڑ کیا۔ اب سابق نااہل وزیراعظم پیغامات بھیجتا ہے لیکن انہیں بتادیا کہ اب ہم ان کے ساتھ جنت میں بھی نہیں جائیں گے۔ زرداری نے کہا کہ نواز شریف کو جیل جانا ہے۔ اڈیالہ جیل کی صفائی کی جا رہی ہے ۔ اب پتہ نہیں کہ نواز شریف نے اڈیالہ جانا ہے یا لانڈھی جیل جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن 2018ءآزاد حیثیت میں لڑے گی۔ مسلم لیگ (ن) سے ہاتھ ملا ئیں گے نہ تحریک انصاف کے ساتھ کوئی اتحاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ(ن) لیگی حکمران ملک کو دیوالیہ کر کے چلے جاتے ہیں اور ہم اس ملک کو سنبھالتے ہیں۔میاں صاحب نے کسی بھی ملک میں چلے جانا ہے مگر ہم نے ادھر ہی رہنا ہے۔ میاں صاحب کی سوچ اپنی ذات کے لئے ہوتی ہے۔ جمہوری نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جب سابق صدر پرویز مشرف کو ملک سے نکالا تو لوگوں کو کچھ سمجھ نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملکی نہیں اپنی طاقت کے بارے میں سوچتے ہیں۔