جلسہ لہور دا، مجمع پشور دا ، ایجنڈا کسے ہور دا
اسلام آباد... سابق وزیراعظم نواز شریف کہا ہے کہ آج جو فیصلے آرہے ہیں یہ ملکی مفاد میں نہیں۔ بہت دکھی اور افسوسناک ہماری کہانی ہے۔ (ن) لیگ نے اقتدار میں آکر ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پرکام کیا۔ اسلام آباد ائیر پورٹ جائیں تو دل خوش ہو جاتا ہے۔ ایک خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ ہمارے ایجنڈے کو 10، 20 سال مل جائیں تو پاکستان کی تصویر بدل سکتی ہے۔ ملکی ترقی کے لئے کام کررہے تھے ۔ ہماری ٹانگیں کھینچی گئیں۔ نیا پاکستان بن جاتا لیکن یہاں کام کرنے کون دیتا ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہند اور چین آپس میں دوستی کررہے ہیں لیکن افسوس کہ ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔ مجھے اقامے پر نا اہل کیا گیا۔ ججوں نے خواجہ آصف کو بھاری دل سے نااہل کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ میرے دل پر کوئی بوجھ نہیں۔لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے اور گیارہ نکاتی ایجنڈے پر پنجابی میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ لہور دا، مجمع پشور دا تے ایجنڈا کسے ہور دا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے کھوکھلے نعرے پچھلے کئی سالوں سے سن رہے ہیں۔ پنجاب کے مقابلے میں تینوں صوبوں کا دور دور تک کوئی موازنہ اور مقابلہ نظر نہیں آتا۔ فرق صاف ظاہر ہے کہ مسلم لیگ جب بھی آئی ہے اس نے ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پر عمل کیا ہے۔