ویلکم ٹو ہوم ، نیو اسلام آباد ائیر پورٹ کا افتتاح
اسلام آباد...وزیر اعظم شاہد خاقان نے منگل کو نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کا افتتاح کردیا۔مشیر ہوابازی سردار مہتاب احمد خان نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ ائرپورٹ 3 مئی سے باقاعدہ آپریشنل ہو گا۔ قبل ازیں وزیر داخلہ نے نو تعمیر شدہ ایئرپورٹ کے مختلف حصوں امیگریشن کاونٹرز اور لاو ئج کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے امیگریشن حکام کو ہدایت کی کہ پاکستان آنے والوں کا خوش اخلاقی سے استقبال کیا جائے۔ہر غیر ملکی مہمان کو ”ویلکم ٹو پاکستان“ اور ہرپاکستانی کو ”ویلکم ٹو ہوم“ کہا جائے تاکہ پاکستان آنے پر وہ خوشی اور عزت و احترام محسوس کریں اور پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہو۔ انہوں نے کہا کہ مہمانوں کیلئے کاونٹرز پر خوش اخلاق اور مستعد عملہ تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نئے ایئر پورٹ کا منصوبہ خراب حالت میں ورثہ میں ملا۔ نواز شریف نے اسے حقیقت کا روپ دیا۔یہ منصوبہ اس ترقی و خوشحالی کی علامت ہے جس پر ہم نے ملک کو گامزن کیا ہے۔ واضح رہے کہ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ 19 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔15 طیاروں کی پارکنگ سمیت دنیا کا سب سے بڑا طیارہ اترنے کی تمام ترسہو لتیں موجود ہیں۔پروازوں کی آمد ورفت اور مسافروں کی سفری سہو لتوں کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے۔نیا ایئرپورٹ ملک کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ۔ ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے۔ائیرپورٹ کے2 رن وے ہیں۔ہرایک کی لمبائی ساڑھے3 کلومیٹر ہے۔پاک فضائیہ نے نئے ائیرپورٹ پر منظم اور محفوظ آپریشنز کی شروعات کے لئے سول ایوی ایشن اتھا رٹی کو بھر پور تعاون فراہم کیا۔گزشتہ روز پاک فضائیہ کے سی 130طیارے رن وے کا معیار جانچنے کے لئے لینڈنگ بھی کی۔