Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

23ڈرائیوروں نے حیرت انگیز طور پر ممنوعہ جگہ پر گاڑیاں پارک کردیں

برمنگھم .... بالعموم یہ دیکھا گیا ہے کہ غلطی یا غلط جگہ پر پارکنگ کا ارتکاب ایک  دو افراد کرلیتے ہیں اور  وہ بھی حالت مجبوری میں جب انہیں کوئی مناسب جگہ نہ مل رہی ہو تو ان سے  یہ غلطی سرزد ہوجاتی ہے مگر یہاں جو  واقعہ پیش آیا ہے  وہ اس حوالے سے حیرت انگیز ہے کہ یہاں ایک ، دو نہیں بلکہ 23ڈرائیوروں نے ایک ہی غلطی کا ارتکاب کیا اور مقامی کار پارکنگ میں جو جگہ کوچز کیلئے مخصوص تھی وہیں اپنی گاڑیاں کھڑی کرتے گئے۔ ان گاڑیوں کی مجموعی تعداد 23بتائی جارہی ہے۔ کار پارک اٹینڈنٹ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ان سب گاڑیوں پر چالان کی پرچیاں لگانے کا فیصلہ کیا۔ کچھ ہی دیر میں  سارے کار مالکان جنہیں احساس تھا کہ  انہوں نے غلطی کی ہے  وہ موقع پر پہنچ گئے  اور اس طرح 1150پونڈ ٹریفک اکائونٹ میں جمع ہوگیا مگر یہ رقم جمع کرنے میں پارک انچارج کو ایک گھنٹے تک ادھر سے اُدھر اور اُدھر سے ادھر آنا جانا پڑا۔  اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بینک ہالیڈے کے موقع پر پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان گاڑیوں کے  مالکان اچھے موسم کا مزا لینے کیلئے قریب ہی واقعہ کینن ہل پارک چلے گئے تھے۔ ان کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا کہ چند منٹ میں ان پر 50، 50پونڈ کا جرمانہ ہوجائیگا۔ جس جگہ ان لوگوں نے گاڑیاں پارک کی تھیں  وہاں واضح لکھا تھا کہ  یہ جگہ کوچز کیلئے مخصوص ہے او ریہاں کا کرایہ 2پونڈ فی گھنٹہ ہے۔ عام گاڑیو ں کو یہاں کھڑی کرنے کی اجازت نہیں مگر کسی نے بھی سائن بورڈ کی جانب توجہ نہیں دی اور یکے بعد دیگرے یہاں گاڑیاں کھڑی کرکے چلتے بنے۔ ایک ڈرائیور کا کہناتھا کہ  وہ چند منٹ کیلئے ہی  گاڑی سے اتر کر ادھر اُدھر چہل قدمی کرنے گیا تھا۔ اسے پتہ نہیں تھا کہ اسکی چہل قدمی اسے مہنگی پڑیگی تاہم اسے افسوس ہے کہ اس نے بھی دوسروں کی طرح پارکنگ لاٹ پر لگا نوٹس نہیں پڑھا۔ برمنگھم سٹی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ اس واقعہ سے متاثر ہونے والے  اگر کسی شخص کو بھی یہ احساس ہورہا ہے کہ اس کا چالان غلط طریقے سے ہوا ہے تو وہ جرمانے کی واپسی کیلئے اپیل کرسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -سوئے ہوئے طالب علم پر تشدد کرنیوالی ٹیچر واقعہ کے بعد مستعفی

شیئر: