Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئرلینڈ کے تاریخی ٹیسٹ پر بارش اور سیاہ بادل

ڈبلن:شدید بارش اور خراب موسم نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ کا پہلا دن ضائع کردیا۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ڈبلن میں صبح سے ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جو وقفے وقفے سے مسلسل جاری رہا ۔ بارش نے اتنا موقع بھی دیا کہ دونوں کپتان ٹاس کے لئے میدان میں آسکیں۔ دونوں ٹیموں کے کپتان اور کھلاڑی زیادہ تر اپنے ڈریسنگ روم تک ہی محدود رہے ۔ اگر چہ گراؤنڈ اسٹاف میدان میں جمع ہونے والے پانی کو نکالنے کے لئے سرگرم رہا لیکن بارش نے ایسا کوئی طویل وقفہ نہیں دیا کہ کھیل شروع ہوسکتا ۔اس دوران امپائرز کئی مرتبہ معائنے کے لیے آئے لیکن خراب موسم اور تیز بارش کے سبب انہیں مایوس لوٹنا پڑا۔امپائر ز نے آخری معائنہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3بجے کیا اور صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے دن کے کھیل کے خاتمے کا اعلان کردیا۔ اب یہ میچ 4روز تک محدود ہو گیا ہے اور امپائرز نے دوسرے دن کے لئے 90کے بجائے 98اوورز کے کھیل کا فیصلہ کیا جبکہ فالو آن کے لئے رنز کی تعداد 200کے بجائے 150کردی ہے تاکہ میچ کو نتیجہ خیز بنا یا جا سکے۔اس میچ کے بارش سے مسلسل متاثر ہونے کے خطرات واضح ہیں۔مزید 2دن بارش کی پیشگوئی کی جا چکی ہے، آئر لینڈ کے لئے تاریخ کے پہلے ٹیسٹ کا جتنی شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا وہ اتنی ہی مایوسی کا سبب بن گیا۔

شیئر: