Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف نے وطن دشمنی کا ثبوت دیا ہے، پاکبان

انہوں نے ہندوستان اور مودی کا مقدمہ لڑا ہے ، پاکستانی صحافی ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی خبروں کو اچھال رہے ہیں، ریاض کے تارکین
ریاض (جاوید اقبال) نواز شریف کے ایک انگریزی روزنامے کو د یئے گئے اس بیان پر کہ 11 برس قبل ممبئی کے ایک ہوٹل پر حملہ پاکستانی دہشت گردوں نے کیا تھا۔ ریاض میں مقیم پاکستانی تارکین نے اپنی ناپسندیدگی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جامعہ الملک سعود کے پروفیسر نوید خواجہ نے کہا کہ ممبئی حملے کا مقدمہ ابھی تک عدالت میں ہے اس لیے نواز شریف کیسے اپنے طور پر پاکستانی ہموطنوں کو اس کا مرتکب ٹھہرا سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور یہ کہ اگر ان پر مقدمات چل رہے ہیں تو وہ وطن کو نقصان تو نہ پہنچائیں۔اب عوام میاں صاحب کو ناقابل اعتبار سمجھنے لگیں گے۔ انسٹی ٹیوٹ آف انجینیئرز کے سابق صدر انجینیئر جلیل حسن نے کہا کہ چیف جسٹس کو سوموٹو لے کر میاں نواز شریف پر آرٹیکل 6 لگانا چاہئے۔ ملک کے 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے میاں نواز شریف نے یہ بیان دے کر وطن دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ ایسی حرکتیں برداشت نہیں کی جاسکتیں۔ حلقہ فکر و فن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے کہا کہ میاں نواز شریف کے اس بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اب تک بین الاقوامی حلقوں میں 3 ایسی رپورٹیں آچکی ہیں جن پر ممبئی کے واقعے کو ہندوستان اور اسرائیل کی ملی بھگت قرار دیا جارہا ہے۔ میاں نواز شریف پاکستان دشمنی کررہے ہیں۔ مکتبہ درالسلام کے سیلز منیجر سید فیصل علوی کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سے اس غلطی کا ارتکاب ہوگیا ہے تاہم ہمیں یقین ہے کہ خطا قطعا غیر دانستہ طور پر ہوئی ہے اور ذرائع ابلاغ اسے بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاض کے سینیئر مشیر ڈاکٹر محمود احمد باجوہ نے واضح کیا کہ میاں نواز شریف کو یہ بیان نہیں دینا چاہئے تھا تاہم اس بات کا بھی امکان ہے کہ ان کے الفاظ کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا ہو۔ انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے صدر سردار رزاق خان نے کہا کہ اس بیان نے ثابت کردیا ہے کہ میاں نواز شریف محب وطن پاکستانی نہیں اور انہیں اپنے مفادات زیادہ عزیز ہیں۔ تھنکرز فورم کے جنرل سیکریٹری وسیم ساجد نے کہا کہ میاں صاحب پر اس سلسلے میں مقدمہ چلنا چاہئے ۔ بزم اقبال کے صدر عدنان اقبال بٹ نے کہا کہ ہندوستانی ذرائع ابلاغ میاں صاحب کے بیان کو توڑ موڑ کر پیش کررہے ہیں اور پاکستانی صحافی ہندوستانی میڈیا کی خبروں کو اچھال رہے ہیں۔ کچھ دنوں تک صورتحال واضح ہوگی کہ میاں صاحب کے صحیح الفاظ کیا تھے۔ پی پی پی ریاض کے سابق صدر فیاض علی خان نے کہا کہ میاں نواز شریف نے وطن دشمنی کا ثبوت دے کر ہندوستان اور مودی کا مقدمہ لڑا ہے۔ جامعہ الملک سعود کے ڈاکٹر محمد آصف قریشی نے اس بیان کو ایک بہت بڑی زیادتی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے انتہائی سخت حالات میں بھی کبھی وطن کے خلاف بیان نہیں دیا۔ اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ میاں صاحب قابل اعتبار انسان نہیں۔
 

شیئر: