Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقلیتوں کے مثبت انضمام سے متعلق رابطہ عالم اسلامی کا فارمولہ منظور

لندن.... آکسفورڈ یونیورسٹی میں عالمی امن کانفرنس کے شرکاءنے اقلیتوں کے مثبت انضمام سے متعلق رابطہ عالم اسلامی کا پیش کردہ فارمولہ منظور کرلیا۔ مذاہب کے پیرو کاروں کے درمیان عالمی امن کانفرنس کا اہتمام آکسفورڈ یونیورسٹی نے کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق رابطہ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے تجویز پیش کی تھی کہ ہر مذہبی و ثقافتی اقلیت کو اپنی شناخت برقرار رکھنے کا حق حاصل ہے۔ اس حوالے سے کسی بھی اقلیت پر کسی طرح کا کوئی دباﺅ استعمال نہ کیا جائے البتہ جو اقلیت جس ملک کی یا جس قوم یا جس خطے میں رہ رہی ہے اس مقام کی قومی خصوصیات کو اپنی شناخت کی نفی کے بغیر اپنا لینا اچھی بات ہے، اس میں کوئی قباحت نہیں۔ اس حوالے سے ثقافتی و دینی اقلیتوں کو اپنے یہاں کے معاشرے میں ضم ہونے کا اہتمام کرنا چاہئے۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے مذہبی، سیاسی اور فکری قائدین کثیر تعداد میں شریک ہوئے تھے۔ شرکاءنے رنگارنگ تہذیبوں سے نسبت رکھنے والوں کے درمیان احترام کا رشتہ مضبوط بنانے اور فرزندان وطن کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے سے متعلق رابطہ عالم اسلامی کی تحریک کی بھرپور حمایت کی۔ ڈاکٹر العیسٰی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ آسمانی مذاہب جہانوں کیلئے رحمت بن کر آئے ہیں۔ یہ مذاہب افراد کے درمیان مشکلات و مسائل پیدا کرنے کیلئے نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ا للہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر سب سے بڑی رحمت یہ کی کہ انکی ہدایت و رہنمائی اور دینی و دنیاوی صلاح و فلاح کیلئے اپنے پیغمبر بھیجے ۔ آسمانی پیغمبر لڑائی ، دنگے ، محاذ آرائی اور مقابلہ بازی کیلئے نہیں بھیجے گئے۔ مذاہب کا پیغام پرامن بقائے باہم رہا ہے۔ تمام آسمانی مذاہب عفو و درگزر، روا داری اور دلوں کو جوڑنے کیلئے آئے ہیں۔ اختلاف او رتنوع انسانی فطرت کا اٹوٹ حصہ ہے۔ 
 

شیئر: