Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے عقل درکار ہے نہ دلیل،مولانا ضیاء الدین

ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سینٹرکے زیر اہتمام جلسہ  " یوم القران " اور دعوتِ افطار،مسلمان غالب قوم ہے، مغلوب نہیں، محمد فہیم
 امین انصاری ۔ جدہ
  اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے عقل درکار ہے نہ دلیل ۔اگر کوئی شخص اپنی عقل کو دخل دے گا تو وہ گمراہ ہوجائیگا لہذا حکم خداوندی اور اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر لبیک کہنے والا ہی سچا مومن کہلاتا ہے اور وہی دنیاو آخرت میں سرخرو ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی ضیا الدین نقشبندی نے ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سینٹرکے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ " یوم القران "سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے کہا کہ آج دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کو نت نئے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ایسے پرآشوب دور میں ہمیں دین اسلام کی تشہیر اور قرآن وحدیث کے احکامات کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے قرآن کو منبع ہدایت قرار دیا اور کہا کہ ہم قرآن سے دور ہوکر رسوا ہورہے ہیں ۔ قرآن  وحدیث کی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے مولانا نے  کہاکہ دکن میں ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سینٹر اسی نہج پر کام کررہاہے ۔ جو طلباء اسکول آجاتے ہیں انہیں مدرسین تعلیم دے رہے ہیں لیکن جو آنے سے قاصر ہیں ہم ان تک پہنچتے ہیں اور تب  بھی اگر کوئی وقت نہیں دیتا تو ہم اسے آن لائن کے ذریعے دین کی باتیں اس تک پہنچاتے ہیں تاکہ کل قیامت میں وہ یہ عذر نہ کرے کہ مجھ تک کسی نے دین نہیں پہنچایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ویب سائٹ پر لاکھوں تشنگان علم دین  فیض یاب ہورہے ہیں اورٹی وی اور آن لائن کے ذریعے ہم سے راست سوالات کرتے ہیں۔ جواب دینے کیلئے ہم ایسے علماء کو تیار کررہے ہیں جو حکمت کو مدنظر رکھتے ہوئے قرآن اور حدیت کی روشنی میں مسکراتے ہوئے جواب دیکر اس شخص کو دین سے جوڑے ۔ مسلمان دلوں کو جوڑنے کا کام کرتا ہے نہ کہ توڑنے کا ۔
    مولانا نے بتایا کہ ریسرچ سینٹر کی جانب سے کئی سو کتابیں طبع کی گئی ہیں جو مختلف موضوعات اور سوالات پر مبنی ہیں ۔ انہوں نے امت مسلمہ کو ہدایت کی کہ وہ قرآن اور حدیث کی تعلیمات خود بھی حاصل کریں اور اپنی اولاد اور ساتھیوں کو بھی دیں تاکہ ایک بہترین معاشرہ وجود میں آسکے اور دین کا بول بالا ہو۔
     قبل ازیں ناظم جلسہ  محمد فہیم نے تقریب کے انعقاد کے مقصد کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی ہر چیز اپنی پہچان رکھتی ہے اور رکھنا چاہتی ہے جو چیز یا قوم اپنی پہچان چھوڑ دیتی ہے وہ گمراہیوں کے دلدل میں دھنس جاتی ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کو غیور قوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیشہ غالب رہنے والی قوم ہے مغلو ب رہنے والی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سینٹرکے زیر اہتمام  یوم القران منارہے ہیں ۔ یہ سینٹر جہاں دین اسلام کے فروغ کیلئے ویب سائٹ اور اسکول کا قیام عمل میں لایا ہے وہیں نسل نو کے سوالات  کے جواب دینے کا بہترین پیمانے پرآن لائن پر انتظام بھی کیا ہوا ہے ۔یہ تمام کام بانی و ڈائریکٹر ابوالحسنات مولانا  مفتی ضیاء الدین نقشبندی کی زیر نگرانی عمل میں لائے جارہے ہیں ۔
    عبدالحق ہاشم نے ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سینٹر کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ الحسنا ت سینٹرکے تحت 2 سال قبل انوارالعلوم ابوالحسنات کے نام سے شعبہ حفظ و عالم کورس کا آغاز کیا گیا۔ الحمد اللہ 8 لڑکوں نے حفظ میں فراغت حاصل کی جنہیں امامت و خطابت کے علاوہ علوم دینیہ کی تعلیم سے و تربیت سے روشناش کرایا جارہا ہے ۔ عالم کا کورس کرنے والے طلباء کو موجودہ دور کے جدید مسائل سے ہم آہنگ کرواکر انہیں اہل بنایا جاتا ہے تاکہ وہ کسی بھی قسم کے حالات اور سوالات کا مقابلہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کا نصاب جامعہ نظامیہ کے نصاب پر رکھا گیا اور طلباء کو وہیں سے امتحان دلاکر سند جاری کروائی جاتی ہے۔ اب تک 16 طلباء نے تجوید کے امتحان میں اول پوزیشن حاصل کی ، 26 طلباء نے امامت کی سند حاصل کی جبکہ ایک طالب علم نے مولوی کی سند حاصل کی۔ سب ہی قوم و ملت کی خدمت کیلئے جڑ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ضیاء نقشبندی کے اصلاح معاشرہ،سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور سوالات جوابات کے بیانات کو اَپ لوڈ کرکے آن لائن ، فیس بک اور ویب سائٹ پر جاری کئے جارہے ہیں جس سے دین کی بہت بڑی خدمت ہورہی ہے ۔
    تقریب کا آغاز قاری محمد نور کی تلاوت کلام پاک  اور   عبدالملک اقبال کی نعت سے ہوا ۔ دعوت افطار میں جدہ کی تنظیموں کے سربراہان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ محمد لیاقت علی خان ،  توصیف یوسف ، محمد منہاج الدین اور یوسف وحید نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔
مزید پڑھیں:- - - -”سلوی رانا کی بے لوث خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی“
 

شیئر: