Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لارڈز ٹیسٹ کے مین آف دی میچ محمد عباس کو محنت کا پھل مل گیا

 
لندن :پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے اپنی کامیابیوں کا سہرا بولنگ کوچ اظہرمحمود کے سر باندھ دیا۔محمد عباس نے کہا کہ لارڈز میں اچھی بولنگ میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔پاکستان ٹیم کی انگلینڈ آمد سے قبل یہاں لیسٹر کی نمائندگی کا موقع ملا جس سے انگلش کنڈیشنز کوبہتر انداز میں سمجھ پایا۔ لارڈز ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھانا میرے اورٹیم کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔کاونٹی کے تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے آئرلینڈ اوراب انگلینڈ کے خلاف اچھی بولنگ کی جس پر بہت خوش ہوں۔انہوں نے بتایا کہ وسیم اکرم، وقار یونس اور خاص طور پر بولنگ کوچ اظہر محمود سے بہت کچھ سیکھنے کوملا۔ سیالکوٹ کے سپوت نے پی ایس ایل کے دوران ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلتے ہوئے وسیم اکرم کے تجربہ سے فائدہ اٹھایا، اظہر محمود بڑے بھائیوں کی طرح پیش آتے ہیں وہ انگلش کنڈیشنز میں کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔کاونٹی کھیلنے کے دوران بھی ان سے رابطہ رہا۔ انھوں نے ہر مقام پر بھرپور حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی جس کا کافی فائدہ ہوا۔ بدقسمتی سے لارڈز میں 5 وکٹیں حاصل کر کے آنر بورڈ پر اپنا نام نہیں درج کروا پایا۔ آئندہ موقع ملا تو یہ خواب پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔ محمد عباس نے کہا کہ اب نظریں یکم جون سے شروع ہونے والے لیڈز ٹیسٹ پر مرکوز ہیں، بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور انگلش ٹیم کو ہراتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کیریئر میں بہت مشکلات سے گزرا ہوں لیکن وہی محنت اب میرے کام آرہی ہے۔لارڈز ٹیسٹ میں 8کھلاڑیوں کو آو ٹ کر کے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنا اسی محنت کا پھل ہے۔

شیئر: