Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیب سرکاری افسران کو تنگ کرنا بند کرے،شاہد خاقان

اسلام آباد... وزیراعظم شاہد خاقان نے چیئرمین نیب اور چیف جسٹس سے کہاہے کہ سرکاری افسران کو تنگ کرنا بند کردیں ۔حکومت کی کارکردگی کے متعلق سوالات پوچھنا ہوں تو براہ راست وزیراعظم سے پوچھیں۔ وزیراعظم سے ہی جواب طلبی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اہلکار سرکاری فائلیں زبردستی دفاتر سے اٹھانا بھی بند کردیں۔ سرکاری افسران نیب سے اپنی بے عزتی کئے جانے کے ڈر سے سرکاری امور نمٹانے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ ہم نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ۔ آئندہ سال سے 10687 میگاواٹ بجلی اضافی طور پر سسٹم میں آجائے گی۔ گزشتہ رمضان کے مقابلے میں اس رمضان میں صورتحال بہت بہتر ہے۔ سحر اور افطار کے اوقات میں 90 فیصد صارفین کو کسی قسم کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہیں۔ بجلی کی پیداوار کے مقابلے میں طلب بھی بڑھ رہی ہے ۔ دنیا میں کہیں بھی 5 فیصد سالانہ سے زائد پیداواری صلاحیت نہیں بڑھتی لیکن پاکستان میں 9 فیصد تک سالانہ پیداوار بڑھا کر دنیا کو حیران کردیا ۔ یہ سارا کریڈٹ ٹیم لیڈر نواز شریف کو جاتا ہے۔ ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ 2025 ءتک کی پلاننگ کی ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید کچھ پاور پلانٹس مکمل ہوجائیں گے جن کی بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔ آنے والی حکومتیں طلب اور رسد کو مدنظررکھ کر کام کریں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے معاملات صوبوں کے حوالے کئے جائیں۔ یہ لوگ وفاق کو چلنے ہی نہیں دیتے۔ لوگ بجلی اور گیس کی لوٹ مار کرتے ہیں۔پولیس کارروائی تک نہیں کرتی ۔ سارے پلانٹس اور گیس سمیت ساری بجلی کی پیداوار صوبوں کے حوالے کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت دور کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام ہورہا ہے۔ مومند ڈیم اور بھاشا ڈیم جلد مکمل ہوجائیں گے۔ 
مزید پڑھیں:شاہد خاقان جمعرات کو وزیر اعظم ہاوس چھوڑ دینگے
 

شیئر: