Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاکی چیمپیئنز ٹرافی جیت کر تاریخ رقم کر یں گے، پاکستانی کپتان

کراچی: ہاکی چیمپئنز ٹرافی کیلئے منتخب پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان سینئر نے کہا ہے کہ پاکستان نے اس ایونٹ کا پہلا ایڈیشن جیتا تھا اور اب آخری مرتبہ ہونے والی چیمپیئز ٹرافی بھی جیت کر تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ہم نے سخت محنت کو اپنا شعار بنارکھا ہے اور ہماری زیادہ تر توجہ فٹنس پر بھی ہوگی، ہم سب چاہتے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کا یہ آخری ایڈیشن بھی اپنے نام کرلیں۔ قومی کپتان نے مزید کہا کہ اصلاح الدین اولین چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کپتان رہے ہیں اور اب بطور کپتان یہ بھاری ذمہ داری میرے کندھوں پر ہوگی۔ایونٹ میں ہمارا سامنا دنیا کی5 ٹاپ ٹیموں سے ہوگا لیکن ہم انھیں ٹف ٹائم دینے کیلئے خاصے پراعتماد ہیں۔رضوان سینئر نے کہا کہ ٹیم کی ٹریننگ کا پہلا مرحلہ ایبٹ آباد میں منعقد ہوا تھا جہاں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھرپور توجہ دی گئی جبکہ کیمپ کا دوسرا مرحلہ کراچی کے عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جس میں ٹیم نے یکجا ہوکر گیم پلے کو بہتر بنانے پر محنت کی ہے، تیسرے مرحلے کا کیمپ ہالینڈ میں منعقد کیا جائے گا جس میں ایونٹ کے لیے حتمی 18 کھلاڑی شرکت کریں گے۔ فٹنس لیول کے بارے میں سوال پررضوان سینئر نے کہا کہ ہمارا فٹنس لیول اب بہت بہتر ہوچکا ہے۔ ہمارے نئے کوچ اور فٹنس ٹرینر نے انفرادی طور پر ہر کھلاڑی کو مدد فراہم کی تاکہ وہ اپنا بہترین فٹنس لیول حاصل کرپائے۔دوسری جانب ٹیم منیجر حسن سردار کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پنالٹی کارنر اور گول کیپنگ کوچ کی خدمات ہالینڈ میں حاصل کرلے گی جہاں ٹیم کی تربیت کا تیسرا مرحلہ منعقد ہوگا۔ہمارے پاس پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ مبشر علی موجود ہے، جس نے حالیہ دنوں میں اچھا پرفارم کیا، ہم نے تجربہ کار علیم بلال کوشامل کرکے گول کرنے کی اپنی استعداد کو بہتر بنایا ہے۔ ہم ان فارورڈز کومواقع کو گول میں تبدیل کرنے میں مہارت دلانے پر کام کریں گے۔حسن سردار نے مزید بتایا کہ ہالینڈ میں قومی ٹیم 5 پریکٹس میچز کھیلے گی جس میں 3آسٹریا کیخلاف ہوں گے، ایک ہالینڈ کی ٹیم سے جبکہ 2میں مقامی ٹیموں سے مقابلہ ہوگا ۔

شیئر: