لاپتا افرد کیس کی سماعت‘ خاتون کی چیخ پکار
کراچی: عدالت عالیہ سندھ میں 50 سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی کے مقدمات کی سماعت کے دوران ایک خاتون نے روتے اور چیختے ہوئے بتایا کہ 15 ماہ کے بعد بازیاب ہونے والا اس کا شوہر اپنا ذہنی توازن کھو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اسے جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا تھا جس کی وجہ سے اس کا وزن 90 سے کم ہوکر صرف 20 کلو رہ گیا ہے۔
علاوہ ازیں عدالت نے ایک شہری عبدالغفار سمیت دیگر لاپتا افراد کی گم شدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا اور پولیس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران ایک جیسی رپورٹس جمع کراتے ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کیے جائیں۔