اردن سے شاہ سلمان کا اظہار یکجہتی
مملکت سے شائع ہونے والے جریدے ”عکاظ “ کا اداریہ
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نئے اقتصادی بحران کے موقع پر اردنی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور اس کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا جو اقدام کیا ہے اس نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ سعودی عرب برادر عرب ممالک کے اتحاد و سالمیت نیز عرب عوام کے روشن مستقبل کیلئے مطلوب جملہ اقدامات کے سلسلے میں ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔ اس حوالے سے کبھی ادنیٰ فروگزاشت سے کام نہیں لیتے۔
اردن سے شاہ سلمان کے اظہار یکجہتی کا اقدام دیگر عرب ممالک کے ساتھ سعودی عرب کے سابقہ اقدامات سے ملتا جلتا ہے۔ اس حوالے سے کوئی نئی بات نہیں۔ سعودی عرب جس روز سے قائم ہوا ہے، اس روز سے وہ تمام عرب و مسلم ممالک کےلئے مضبوط قلعے کا کردارادا کررہا ہے۔ سعودی عرب مسلم و عرب ممالک کے امن و استحکام کے دفاع کا پرچم بلند کئے ہوئے ہے۔ سعودی عرب کا غیر متزلزل نظریہ یہی ہے کہ عربوں اور مسلمانوں کے اتحاد کے استحکام کےلئے جدوجہد جاری رکھی جائے اور انکے یہاں جنم لینے والے بحرانوں سے پوری قوت سے نمٹا جائے۔
اسی تناظر میں سعودی عرب نے اردن کے معاشی بحران کے موثر حل کیلئے فوری اقدام کا اہتمام کیا ۔ سعودی عرب نے بیان بازی سے قبل اقدامات کی پالیسی کو اپنی پہچان بنا رکھا ہے۔ مکہ مکرمہ میں ہونے والی4 ملکی سربراہ کانفرنس اردن کے برادر عوام کو اقتصادی بحران سے امن و سلامتی کیساتھ نکالنے کا باعث بنے گی۔ آزمائش کی اس گھڑی میں عرب برادر اردن کیساتھ کھڑے ہونگے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭