شہباز شریف وزیر اعظم ہونگے ،شاہد خاقان
اسلام آباد ...سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں کامیابی ہوئی تو شہباز شریف وزیر اعظم ہونگے۔ مریم نوا ز کو پارٹی سربراہ بنانے کا ابھی کوئی امکان نہیں۔ ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پارٹی سے بڑا کوئی نہیں ہوتا۔ چوہدری نثار کو مشورہ دیتا ہوں کہ پارٹی نہ چھوڑیں۔ فیصلے قبول کریں ۔ پارٹی بدلنے والوں کو کبھی فائدے میں نہیں دیکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ نواز شریف کے ساتھ ہو رہا ہے مشرف کے ساتھ بھی ایسا ہونا چاہئیے ۔ نیب عدالتوں سے نواز شریف کو انصاف کی توقع نہیں۔ پرویز مشرف عدالتی احکامات پر بیرون ملک گئے۔ عدالت چاہتی تو واپس بلا سکتی تھی ۔ مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حکومت نے بلاک نہیں کیا ۔ شاہد خاقان نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لئے ایکسپورٹ کو بڑھانا ہوگا ۔ بنگلہ دیش کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ بنگلہ دیش کی معیشت راتوں رات بہتر نہیں ہوئی۔ انہوں نے برآمدات بڑھائی ہیں۔