Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں اتحادی ملکوں کے وزرائے اطلاعات کا اجلاس

ذرائع ابلاغ کو استعمال کرتے ہوئے ایران کے پروپیگنڈے کو بے نقاب اور اس کا جواب دیا جائے، جدہ میں اتحادی ملکوں کے وزرائے اطلاعات کے اجلاس میں اتفاق رائے
جدہ (ارسلان ہاشمی )سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد صالح العواد نے کہا ہے کہ یمن میں حوثی باغی ایران کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ ان کا ہدف محض یمن پر قبضہ کرنا ہی نہیں بلکہ ایرانی توسیع پسندانہ عزائم کے ساتھ مملکت اور خطے کے امن کو تہ وبالا کرنا تھا۔ جدہ میں اتحادی ملکوں کے وزرائے اطلاعات کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج نے یمن کا 85 فیصد علاقہ حوثی باغیوں کے قبضے سے آزاد کرالیا۔ اہم ساحلی علاقے الحدیدہ کو بھی چھڑا لیا گیا ۔ سعودی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یمن کے مسئلہ کا محض عسکری اور سیاسی حل کا ہی نہیں بلکہ اس تنازعہ کے ٹھوس اور مثبت حل کے لئے ذرائع ابلاغ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔جدید ذرائع اختیار کرتے ہوئے مسئلے کی اصل حقیقت سے عوام کو باخبر اور حملہ آور قوتو ں کے اصل ایجنڈے کو بے نقاب کرنے میں کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات شفقت جلیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے داغے جانے والے میز ائلوں سے پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ یمن کے مسئلہ میں اقوام متحدہ کی قرار داد2216کی حمایت کرتے ہیں ۔حکومت اور پاکستانی عوام کی اولین ترجیح مملکت اور حرمین شریفین کی حفاظت اور اس کے تقدس کو برقرار رکھنا ہے۔ سعودی وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام جدہ کے کانفرنس پیلس میں اتحادی ملکوں کے وزرائے اطلاعات کے اجلاس میں متفقہ طور پر اس امر پر زور دیا گیا کہ اتحادی ممالک اپنے ذرائع ابلاغ کو استعمال کرتے ہوئے لوگوں کے سامنے ایرانی پرو پیگنڈے کو بے نقاب کریں اور جو کچھ ایرانی سرپرستی میں ہو رہا ہے اس کا جواب دیا جائے۔
 

شیئر: