چین پھر پاکستان کی مدد کو آگیا
اسلام آباد...آئی ایم ایف کے بیل آوٹ کی قیاس آرائیوں کے باوجود چین نے پاکستان کو غیرملکی کرنسی ذخائر میں ہونے والی کمی کو بہتر بنانے کے لئے ایک ارب ڈالر کا قرض دے دیا۔بیجنگ کی جانب سے دیا گیا حالیہ قرضہ اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ پاکستان کا اپنے غیر ملکی کرنسی ذخائر میں ہوتی کمی کو پورا کرنے کے لئے چینی قرضے پر انحصار بڑھ رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر گزشتہ برس مئی میں 16 ارب 40 کروڑ ڈالر سے کم ہوکر رواں برس اسی ماہ میں 9 ارب 66 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ۔رواں مالی سال میں پاکستان کے لئے چین کا حالیہ قرض 5 ارب ڈالر کی حد کو عبور کرلے گا۔وزارتِ خزانہ کے دستاویزات کے مطابق 18-2017 کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران چین نے پاکستان کو دوطرفہ قرض کی مد میں ڈیڑھ ارب ڈالر د ئیے تھے۔اس کے علاوہ اسی دوران پاکستان نے زیادہ چینی بینکوں سے 2 ارب 90 کروڑ ڈالر حاصل کئے تھے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کی مدد کافی نہیں ہوگی۔ موجودہ حالات کے تناظر میں، نئی منتخب حکومت ممکنہ طور پر آئی ایم ایف کے پاس جائےگی۔