Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر کے حالات کیلئے الیکشن کمیشن ، میڈیا اور کانگریس ذمہ دار ہیں، افتخار گیلانی

    حیدرآباد - - - -برصغیر کے ممتاز صحافی افتخار گیلانی ایڈیٹر اسٹراٹیجک افیرس( DNA) نے کہا کہ کشمیر کے حالات کیلئے الیکشن کمیشن، میڈیا اور کانگریس ذمہ دار ہیں۔ وہ گزشتہ شام حیدرآباد کے میڈیا پلس آڈیٹوریم میں تلنگانہ اردو وَرکنگ جرنلسٹس فیڈریشن اور میڈیا پلس کے باہمی اشتراک و تعاون سے صحافیوں اور دانشوروں سے ملک کی موجودہ صورتحال اور میڈیا کے رول پر اظہار خیال کررہے تھے۔ افتخار گیلانی نے ملک کے موجودہ حالات سے کشمیر کا تقابل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر لگ بھگ 500برس سے غلامی میں ہے۔ ہر دور میں کشمیری مسلمانوں کو جبر و قہر سہنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی اور کشمیر کے ہندوستان میں انضمام کے بعد سے حالات کو خراب کیا گیا جس میں الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ کانگریس کا رول بہت ہی خراب رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ گورنرس کے ذریعہ یہاں حکومت کی گئی۔ عوام کی مرضی اور ان کی خواہش کے خلاف مختلف جماعتوں کو مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقوں کے تبادلے کے بغیر بھی انسانی بنیادوں پر کشمیری عوام کے مسائل کو سلجھایا جاسکتا تھا۔ انہوں نے بڑے کرب کے ساتھ کہا کہ ہندوستان کے کسی بھی علاقہ میں ظلم ڈھایا جاتا ہے تو آواز بلند ہوتی ہے مگر کشمیر کیلئے کوئی آواز بلند نہیں کرتا۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کشمیری مسلمانوں کو ہی پیلٹ (فولادی چھروں) کا شکار کیوں بنایا جاتا ہے؟ ایس این سنہا صدر انڈین جرنلسٹس یونین نے کہا کہ میڈیا کو سچ کہنے سے روکا جارہا ہے۔ ان کے اظہار خیال کی آزادی پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ جس طرح شجاعت بخاری کا قتل ہوا،اُسی طرح ہندوستان کی ہر ریاست میں صحافیوں کو ہلاک کیا جارہا ہے۔ اس رجحان کیخلاف سب کو متحدہ طور پر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ حامد محمد خان‘ حنیف علی (بی جے پی)‘ ضیاء الدین نیر نے بھی تاثرات کا اظہار کیا۔ ایم اے ماجد نے صدارتی تقریر کی اور حبیب جیلانی نے شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں:- - - - -محمد شامی کی اہلیہ نے15کلو وزن کم کرلیا

شیئر: