Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ نے پاکستان اور افغانستان میں خودکش حملوں کی مذمت کردی

جدہ.... سعودی کابینہ نے پاکستان میں 2انتخابی اجتماعات اور افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں خودکش حملوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کو انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف مکمل یکجہتی اور تعاون کا یقین دلایا۔ سعودی کابینہ نے خودکش حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ، دونوں ملکوں کے حکام اور عوام سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمیوںکیلئے فوری شفا کی آرزو ظاہر کی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ کابینہ نے اقتصادی و ترقیاتی امو رکونسل کی مشاورتی کمیٹی کے قواعد و ضوابط کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں سرکاری اداروں اور سرمایہ کار کے درمیان طویل المیعاد ٹھیکوں سے متعلق پیش کردہ تجاویز بھی پاس کیں۔ کابینہ نے اسلامی تنظیم برائے خوراک کے منشور ، سعودی کویتی رابطہ کونسل کے قیام کی بھی منظوریاں دیں۔ شاہ سلمان نے کابینہ کے ارکان کو افغانستان میں امن و استحکام سے متعلق ہونے والی مسلم علماءکی عالمی کانفرنس کی جانب سے جاری کردہ بیان مکہ کی بابت تاثر ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب حرمین شریفین کی خدمت کا اعزاز اپنے قیام کے روز اول سے احسن شکل میں انجام دے رہا ہے اور آئندہ بھی یہ کردارادا کرتا رہیگا۔ کابینہ نے افغان کانفرنس کے بیان مکہ کا خیر مقدم کیا۔ کابینہ نے فضائی نقل و حمل کے شعبے میں جارجیا کیساتھ معاہدے کا اختیار وزیر ٹرانسپورٹ کو تفویض کیا۔ کابینہ نے 14ویں اور 15ویں گریڈ پر 5عہدیداروں کو ترقی دی۔
 

شیئر: