نواز شریف کے ساتھ جیل میں منشیات فروش سے بھی زیادہ بر ا سلوک؟
لاہور... مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 10سے 15جولائی تک درج ہونے والے 17606مقدمات میں سے 16866مسلم لیگ(ن) کے خلاف درج ہوئے جن میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئیں۔ تحریک انصاف کےخلاف اس عرصہ میں صرف 39جبکہ 654دیگر جماعتوں کیخلاف درج کئے گئے ۔نواز شریف کی اپیل پر فیصلہ 25جولائی سے پہلے ہونا چاہیے تھا۔ عمران خان دھرنا دینے کی عادت سے مجبور ہیں۔ اس لئے اپنی شکست کو پیش نظر رکھتے ہوئے ابھی سے تیاری شروع کر دی کہاں دھرنا دینا ہے۔ جو شیروانی عمران خان نے سلوائی ہے وہ اسے چوتھی بار کسی اور طریقے سے پہننے کی کوشش کریں گے۔اڈیالہ جیل میں نواز شریف کے ساتھ جتنا برا سلوک کیا گیا اتنا کسی ڈرگ ڈیلر کے ساتھ بھی نہیں ہوتا ہوگا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ جو ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے ان کوششوں سے ہمارے وووٹرز کا جذبہ کمزور نہیں ہوگا بلکہ اس سے اور بھی طاقت ملے گی ۔ ووٹرز مستحکم جذبے کے ساتھ نکلیں گے۔ ہر گھر ،گلی ،محلے اور شہر میں صرف شیر کی دھاڑنے کی آواز سنائی دے گی ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمات کی ضمانت نہیں کروائیں گے۔لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کررہے ہیں کہ صرف ریلی نکالی ہمیں کیوں دہشتگرد قرار دیاگیا ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو شفاف انتخابات میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں خواہ وہ محکمہ زراعت ہو یاواپڈا کا محکمہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ اس کا سختی سے نوٹس لے ۔انہوںنے کہا کہ کیا 109 پیشیوں پر عدالت کے رو برو پیش ہونا کیا اداروں کے ساتھ تصادم ہے ۔اگر کسی کی بیٹی کو ایک گھنٹے کےلئے تھانہ جاناپڑے تو کیااس پرکیا گزرے گی ۔(ن) لیگ کے ووٹ کے تقدس ،ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو ضرور کامیابی حاصل ہو گی ۔