Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چوتھا ون ڈے:پاکستان کی 244 رنز سے فتح

 
بولاوائیو: زمبابوے میں جاری 5ون ڈے کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 244 رنز سے شکست دیدی۔ پاکستان نے زمبابوے کو 400 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں مہمان ٹیم43ویں اوور میں 155 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ زمبابوے کے ڈونلڈ ٹریپانو 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ، الٹن چکمبورا نے 37 رنز بنائے، ہملٹن مساکڈزا نے 22 ، میٹر مور نے 20 اور مساکنڈا نے 10 رنزبنائے ۔ شاداب خان نے 4، عثمان شنواری اور فہیم اشرف نے 2،2 ، شعیب ملک اور جنید خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا توفخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں اوپنرز نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے 304رنز کی بڑی اوپننگ پارٹنر شپ کا ورلڈ ریکارڈ پاکستانکے نام کردیا۔دونوں اوپنرز نے انتہائی پراعتماد انداز کھیلتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں اور پاکستان کی جانب سے زمبابوے ہی کے خلاف 2011 ءمیں محمد حفیظ اور عمران فرحت کے درمیان 228 رنز کی اوپننگ شراکت کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑا۔ فخرزمان نے 150 کا ہندسہ عبور کیا تو 287 رنز کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا ورلڈ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔یہ ریکارڈسری لنکا کے تھرنگا اور جے سوریا کے پاس 286 رنز کا تھا جو انہوں نے 2006ء میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔ امام الحق 113 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔فخر زمان نے انتہائی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ انداز میں نہ صرف سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان کی طرف سے سعید انور کا 194 رنز کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی، فخرزمان پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ایک روزہ میچ میں ڈبل سنچری بنائی۔ فخر زمان 5چھکوں اور 24چوکوں کی مدد سے 210رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔انہوں نے ایک اننگز میں 24چوکے لگا کر ورلڈ ریکار ڈ بھی اپنے نام کیا۔ فخر زمان کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ ون ڈاون آنے والے آصف علی نے بھی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اورنصف سنچری بناتے ہوئے 50رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیل کر پاکستان کا اسکور مقررہ 50اوورز میں ایک وکٹ پر 399رنز بنا لیا۔ پاکستان نے 5ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 201 رنز ،دوسرے اور تیسرے ون ڈے میں9، 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی تھی ۔سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 22جولائی کو کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: