Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ، سرمایہ کاروں کو فائدہ

مارکیٹ کیپٹلائزیشن 2ٹریلین ریال کی حد عبور کر گئی،سلامہ انشورنس کو فوقیت ، سارکو کی تنزلی متعدد کمپنیوں کے ڈیویڈنڈ کے اعلانات ،بلین ریال کی سرمایہ کاری کی بدولت سابک کا لین دین سب سے زیادہ
غیاث الدین۔جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 87.56پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 8449.97 پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ قیمتوں میں اضافے سے سرمایہ کاروں کو 25بلین ریال کا فائدہ ہوا اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 2ٹریلین ریال کی حد کو عبور کرتا ہوا 2.009ٹریلین ریال تک پہنچ گیا۔ ایسا لیول تقریباً 3سال بعد دیکھنے میں آیا ہے۔ ضروری نہیں کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن کی یہ حد برقرار رہے۔ اس میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے۔ ہاں جب سعودی آرامکو تداول میں شمولیت اختیار کرے گی تو مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک دم بڑھ جائے گی کیونکہ یہ دنیا کا سب سے بڑا آئی پی او ہو گا۔ انفرادی کمپنیوں میں سلامہ انشورنس کو فوقیت حاصل رہی ہے جس کی قیمت 1057فیصد اضافہ کے بعد 22.80ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ فائدے کے لحاظ سے سعودی انڈسٹریل ایکسپورٹ دوسرے نمبر پر رہی جس کی پرائس 10.17فیصد فروغ کے بعد 260.00ریال تک جا پہنچی۔ الجزیرہ رائٹ کی قیمت 7.64فیصد بڑھنے کے بعد 15.50 ریال پر بند ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے سارکو سرفہرست رہی جس کی قدر 8.11فیصد کمی کے بعد 44.20ریال تک گر گئی جبکہ الدریس کی قیمت 7.36فیصد انحطاط کے بعد 27.70ریال پر بند ہوئی۔ ایکسٹرا کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی اور اس کی قدر 5.08فیصد انحطاط کے بعد 57.90ریال تک گر گئی۔ سب سے زیادہ خرید و فروخت ہیوی ویٹ سابک میں کی گئی جس کی مالیت 2.7بلین ریال تھی جو کل سرمایہ کاری کا 18.24فیصد حصہ بنتا ہے۔ سابک کی قیمت 2.21فیصد اضافے کے بعد 129.60ریال پر پہنچ گئی۔ الراجحی بینک نے اپنے ششماہی نتائج کے ساتھ 20فیصد ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان کیا جس کی تقسیم کی تاریخ 26جولائی رکھی گئی تھی چونکہ ڈیویڈنڈ ادا کرنے کی تاریخ قریب ہے اس لئے اس میں بھی خوب سرمایہ کاری کی گئی اور اس کی قیمت 1.26فیصد اضافے کے بعد 88.40ریال تک پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ الریاض ڈیولپمنٹ اور الجزیرہ رائٹ نے 5.5فیصد، الراجحی رائٹ نے 1.7فیصد اور ملکیہ رائٹ نے بھی 1.7فیصد ڈیویڈنڈ کے اعلانات کئے۔ 
 
 

شیئر: