Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابی مہم کا آخری دن ”وقت کم، مقابلہ سخت“

کراچی: الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی مہم کےلئے دیئے گئے وقت کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی۔ اس حوالے سے ضابطہ اخلاق اور ہدایات کے علاوہ خلاف ورزی کرنے پر سزاﺅں کا تعین بھی پہلے ہی جاری ہو چکا ہے۔ دوسری جانب سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماﺅں کی جانب سے آج انتخابی مہم کے آخری روز ملک بھر میں اپنی سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب 12 بجے تک تمام جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم اور ذرائع ابلاغ کو سیاسی اشتہارات ہر صورت ختم کرنے ہیں۔ ملک بھر میں جاری سیاسی جنگ میں کم وقت اور مقابلہ سخت کے مصداق اپنی اپنی طاقت دکھانے اور کامیابیوں کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتخابی مہم کے آخری روز ملک بھر کی تمام سیاسی جماعتوں نے آج اپنے شیڈول پہلے سے تیار کر رکھے ہیں تاکہ اپنے کارکنوں کا خون گرما کر زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے پر قائل کیا جا سکے۔ اس حوالے سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف آج ڈیرہ غازی خان اورراولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جبکہ حمزہ شہباز لاہور میں موچی گیٹ سے داتا دربار تک نکلنے والی ایک ریلی کی قیادت کریں گے ۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی نے انتخابی مہم کا آخری دن لاہور کے کارکنوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وہ این اے 125، 128، 131 اور 134 میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی جیکب آباد اور شکار پور میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرکے عوام کو اپنی جماعت کی ماضی کی کارکردگی اور آئندہ وعدوں کی تفصیلات بتا کر ووٹ حاصل کرنے کے لیے ان کا خون گرمائیں گے۔ اُدھر اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کی جانب سے سیاسی طاقت کا مظاہرہ ہوگا جہاں مولانا فضل الرحمن اورسراج الحق سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج کراچی کے لیاقت آباد فلائی اوور پرمیں آخری انتخابی جلسہ کیا جائے گا۔
 
 

شیئر: