’مرکز، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت‘
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت بنانے کے لیے آزاد اراکین سے رابطہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف ہی حکومت بنائے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے مرکز کے علاوہ پنجاب،خیبر پختونخوا اور بلوچستا ن میں حکومت بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ن لیگ کے اراکین کی تعداد زیادہ ہے لیکن پنجاب اسمبلی میں ارکان کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے، حکومت بنانے کے لیے پیپلزپارٹی سے کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں پر دھاندلی کے الزامات ہیں وہ حلقہ کھولنے کے لیے تیارہیں۔حکومت بنانے کے لیے بہت سی جماعتوں سے الحاق کے آپشن موجودہیں، پیپلزپارٹی سے حمایت کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیاگیا، پنجاب کے آزاد اراکین سے رابطہ جاری ہے ۔
نعیم الحق نے کہا کہ ن لیگ کو اپوزیشن میں بیٹھنا پڑے گا۔ پیپلزپارٹی سے الحاق کا کوئی امکان نہیں اور قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اکثریت تحریک انصاف کے ساتھ ہے ۔ پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے بھی کہا ہے کہ پنجاب اورخیبرپختونخوامیں اکیلے حکومت بنالیں گے جبکہ بلوچستان میں اتحادیوں سے مل کر حکومت بنائیں گے ۔