Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی:وزیر اعظم مودی نے 60ہزار کروڑکے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا

لکھنؤ۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اترپردیش کی ترقی اور سرمایہ کاری کے81منصوبوں کاتحفہ پیش کیا۔مودی نے آج تقریباً 60ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ یوپی انویسٹمنٹ سمیلن کے دوران یوپی حکومت اور متعدد کمپنیوں کے مابین معاہدہ ہوا تھا جن کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مودی نے کہا کہ یوپی سے کیا گیا وعدہ سوغات کے طور پر واپس کررہا ہوں ۔انہوں نے اپوزیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اگر نیت صاف اور ایماندار ہوتو کسی کے ساتھ کھڑے ہونے سے داغ دار نہیں ہوتا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کی تعمیر میں تاجروں و سرمایہ کاروں کا اہم کردار ہے انہیں غلط القاب سے پکارنا یا بے عزتی کرنا زیب نہیں دیتا۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران وزیر اعظم مودی کا یہ چھٹا دورہ ہے۔ ہفتے کو انہوں نے لکھنؤ میں 3897کروڑ روپے کے 99منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھااور افتتاح کیا تھا ۔ مودی نے کہا کہ میں یہاں سے رکن پارلیمنٹ اور یوپی کا ہوں اسلئے ایک مرتبہ آؤں یا 5مرتبہ کوئی فرق نہیں پڑتا۔میں یہاں آتا نہیں ہوں ، میں یہیں کا ہوں۔اپوزیشن کو ہدف بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ مودی پر اعتراض کرنے کیلئے نقص ڈھونڈ رہے ہیں وہ لکھ کر رکھ لیں کہ انہیں جو بھی چیز ملے گی وہ سابقہ 70سال کی حکومتوں کی ہی ملیں گی۔انہوں نے کہاکہ پہلے یوپی میں سرمایہ کاری ایک چیلنج تھی تاہم اب سنہرے موقع میں تبدیل ہوگیا۔ ہماری نیت صاف ہے اسلئے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔مودی نے کہا کہ  ملک یا تووزیر اعظم چلاتا ہے یا پٹواری۔وزیر اعلیٰ سے لیکر پٹواری کے تعاون ہی سے 60ہزار کروڑ کے منصوبوں پر کام مکمل ہوسکا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ یوپی کے 22کروڑ عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ان کے پیار کو منافع سمیت واپس کرونگا۔یہاں جو ترقیاتی منصوبے شروع ہورہے ہیں وہ اسی وعدے کا حصہ ہیں۔یہ ڈیجیٹل انڈیا اور میک ان انڈیا کو نئی جہت دینے کی راہ میں اہم اقدامات ثابت ہونگے۔اپوزیشن کو ہدف بناتے ہوئے مودی نے کہا کہ لوگ کس کے طیارے سے سفرکرتے ہیں سب کو معلوم ہے۔ لیکن انہی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو چور کہتے ہیں۔ مہاتما گاندھی بھی برلا کے مکان پر ٹھہرتے تھے کیونکہ ان کی نیت صاف تھی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں موبائل کی صنعت میں ہندوستان دوسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ ملک میں بڑی تعداد میں موبائل تیار کیا جاتا ہے جس سے ڈیجیٹلائزیشن کو فائدہ ہورہا ہے۔ ہندوستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے تاہم اس کی رفتار کو اور تیزکرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:- - - - -پٹنہ : بارش سے شہر ہوالبریز،اسپتال میں مچھلیاں تیرنے لگیں

شیئر: