Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے پر اتفاق

اسلام آباد... مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور متحدہ مجلس عمل کے درمیان قومی اسمبلی میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام پر اتفاق ہوگیا۔ فضل الرحمان نے ایم ایم اے کے پارلیمنٹ میں جانے پر رضا مندی ظاہر کردی ۔پیر کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی رہائش پر مسلم لیگ (ن) ،پیپلزپارٹی، ایم ایم اے اور اے این پی کے رہنماوں کا مشترکہ اجلاس ہوا ۔شہباز شریف،سردار ایاز صادق، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، مشاہد حسین سید، عبدالقادر بلوچ، شاہد خاقان عباسی ،احسن اقبال ،راجہ ظفرالحق اور دیگر (ن) لیگی رہنماوں نے شرکت کی ۔پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت خورشید شاہ نے کی ۔ غلام بلور، میاں افتخار، مولانا فضل الرحمن اور مولانا انس نورانی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اورمتحدہ مجلس عمل کے درمیان قومی اسمبلی میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام پر اتفاق ہوگیا ۔ پیپلزپارٹی بھی اس الائنس کا حصہ ہوگی۔ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اندر اور باہر سخت احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔ آل پارٹیز کانفرنس بھی طلب کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمن نے حلف اٹھانے کے بارے میں کچھ تحفظات کا اظہار کیا تاہم وہ ایم ایم اے کے پارلیمنٹ میں جانے پر رضا مند ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن کے اصرار پر حکومتی نمبر گیم کو آن رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ انتخابات میں دھاندلی کے بارے میں وائٹ پیپر بھی جاری کیا جائے گا ۔ اجلاس میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کےلئے بلوچستان کی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے اور شامل کرنے کی کوشش پر اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمن نے تمام شرکا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ وفاق میں حکومت بنانے کا کیوں نہیں سوچتے؟اگر نمبر گیم پر محنت کی جائے تو کامیابی مل سکتی ہے۔پی پی اور (ن) لیگ ارادہ کر لیں تومیں زور لگانے کو تیار ہوں۔
مزید پڑھیں:انتخابی نتائج ،عمران خان کی ارینج میرج

شیئر: