Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھاندلی زدہ الیکشن سے قومی شیرازہ بکھر سکتا ہے ،شہباز شریف

لاہور...مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی شمع روشن ر رکھنے کے لئے قومی اسمبلی میں گئے۔ یہی جدوجہد کا راستہ ہے۔71سال بعد بھی ہم منزل کی تلاش میں ہیں۔ آج بھی جمہوریت کی کشتی بھنور سے نہیں نکل سکی۔کاش یوم آزادی کے ساتھ شفاف الیکشن کے انعقاد کی خوشیاں بھی منا سکتے۔ دھاندلی زدہ الیکشن کے ذریعے ملک کو یکجا نہیں رکھ سکتے ۔ اس سے خدانخواستہ قومی شیرازہ بکھر سکتاہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں جشن یوم آزادی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا۔ ان لاکھوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی سے سبق نہیں سیکھا ۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں اور سب سے پہلے خود کو پیش کرتا ہوں آئیں آگے بڑھیں ۔سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہیں ۔ دھاندلی زدہ الیکشن کو دھاندلی زدہ کہا جائے ۔ اس کی تحقیقات کریں او رنتائج نکالیں ۔ قوم کو بتائیں الیکشن کمیشن مکمل طو ر پر ناکام ہوا ۔ رات 11بجکر 45منٹ پرآرٹی ایس سسٹم کو زبردستی بند کر دیا گیا ۔تمام پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر حلقوں کی گنتی کی گئی ۔ کیا اس طرح شفاف الیکشن ہوتے ہیں ۔ جمہوریت کے ذریعے ہی پاکستان کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔ جمہوریت ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے آگے بڑھ سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ عام انتخابات کے نتائج کو خوشیوں میں شامل نہیں کرپائے۔کراچی سے خیبر تک انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں۔کاش یوم آزادی کے ساتھ شفاف انتخابات کے انعقاد کی خوشیاں بھی منا سکتے۔ دھاندلی زدہ الیکشن سے خدانخواستہ قومی شیرازہ بکھر سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے اندر ہونیوالی دھاندلی کا کھوج لگانا ہو گا اور ذ مہ داروں کا تعین کرنا ہو گا تب جا کر پاکستان آگے بڑھے گا ۔تب یہ غصہ اور نفرتیں ختم ہوں گی اور پاکستان اپنی منزل مقصود کی طرف رواں دواں ہو گا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود پنجاب میں سب سے بڑی پارٹی ہیں۔ پی ٹی آئی ضمیر فروشی پر لگائے گئے کروڑوں ،اربوں روپے سے نئے اسپتال بنا لیتی تو بہتر ہوتا۔ خریدو فروخت کی منڈیوں کی سیاست نہیں کرتے،جس طرح کا یہ شرمسار کھیل کھیلا گیا۔اس سے انسانیت شرمسار ہے ہم اس طرح کی سیاست کے روا دار نہیں ۔
مزید پڑھیں:کراچی تا کشمیر پاکستان زندہ باد کے نعرے

شیئر: