Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رفعتوں کی پہلی منزل ، ابتلاء و آزمائش

ہر قوم آزمائش کی بھٹی سے ضرور گزری ہے، قدرت نے نوازنے سے پہلے ضرور ان کا امتحان لیا ہے کہ وہ کتنے پانی میں ہیں؟
* * *  اللہ بخش فریدی۔فیصل آباد* * *

 

انبیائے کرام علیہ السلام کی ہر امت کو ایسے امتحانات سے گزرنا ہوتا ہے جن میں ان کے جذبۂ ایمانی اور ان کے صبر و شکر کی آزمائش ہوتی ہے اور اس طرح ہوتی ہے کہ وہ ہل ہل جاتے ہیں۔اور تو اور نبی بھی اس وقت پکار اٹھتے ہیں کہ کب آئے گی اللہ کی مدد؟یہ ایسا امتحان ہوتاہے کہ رسولوں کو بھی بظاہر حالات مایوسیوں میں گھیر لیتے ہیں۔ دراصل اسی وقت کامیابیوں کی بنیاد پڑتی ہے ، مسلسل کامیابیوں اورکامرانیوں کا دور شروع ہوتا ہے۔ آزمائش کی یہ بھٹی ہی امت کو دنیا میں عزت ووقار ، عظمت و سربلندی عطا کرتی ہے اور اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور عنایتوں کا حقدار بناتی ہے۔   
    ارشاد ربانی ہے:
     ’’اور ہم ضرور تمہیں آزمائیں گے کچھ ڈر اور بھوک سے ( دشمنوں کے مقابلہ میں کمزور معیشت) سے ، اور کچھ مالوں اور جانوں اور پھلوں کی کمی سے اور خوشخبری سنا دو صبر کرنے والوں (ثابت قدم رہنے والوں) کوکہ جب ان پر کوئی مصیبت پڑے تو کہیں: ہم اللہ کے مال ہیں اور ہمیں اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے ، یہی وہ لوگ ہیں جن پر ان کا رب درود بھیجتا ہے اور رحمت ، اور یہی لوگ راہ پر ہیں۔‘‘
 (البقرہ 157-155)۔
    پھر فرمایا:
    «  تم فرماؤ ! اگر تمہارے باپ اور تمہارے بیٹے اور تمہارے بھائی اور تمہاری بیویاں اور تمہارا کنبہ اور تمہاری کمائی کے مال اور وہ چیزیں جن کے نقصان کا تمہیں اندیشہ ہے اور تمہارے پسند کے مکان،یہ سب چیزیں اگر تمہیں اللہ عزوجل اور اس کے پیارے رسول( ) اور ان کی راہ میں جہاد کرنے سے زیادہ عزیز ہیں تو راستہ دیکھو (انتظار کرو) یہاں تک کہ اللہ اپنے (بد ترین عذاب) کا حکم بھیجے، اور اللہ فاسقوں کو راہ نہیں دکھاتا( التوبہ 24 )۔
    « کیا اس گمان میں ہو کہ جنت میں چلے جاؤ گے اور ابھی تم سے اگلوں کا سا ماجرا پیش نہ آیا کہ انہیں سخت سختی اور شدت پہنچی اور ہلا ہلاکر رکھ دئیے گئے یہاں تک کہ رسول اور ان کے ساتھ کے ایمان والے پکار اٹھے کہ کب آئے گی اللہ کی مدد ؟ سن لو ، بیشک اللہ کی مدد قریب آن پہنچی ہے(البقرہ 214 )۔
    « کیا لوگ اس گمان میں ہیں کہ اتنی سی بات پر چھوڑ دئیے جائیں گے کہ کہیں ہم ایمان لائے، اوران کی آزمائش نہیں ہو گی ،اور بیشک اللہ نے ان سے اگلوں کو جانچا (ان کی آزمائش کی) تو اللہ ضرور (تمہاری بھی آزمائش کرے گا )دیکھے گا سچوں کو اور ضرور دیکھے گا جھوٹوں کو (العنکبوت3,2)۔
    « کیا اس گمان میں ہوکہ جنت میں چلے جاؤ گے، ابھی اللہ نے تمہارے غازیوں (جہاد کرنے والوں ) کاامتحان نہ لیا،اور نہ صبر کرنے والوں کی آزمائش کی (آل عمران 142 )۔
    « اور ہم ضرور تمہیں جانچیں گے یہاں تک کہ دیکھ لیں گے تمہارے جہاد کرنے والوں کو اور صابروں کو اور تمہاری خبریں لیں گے (کہ تم میں سے کون اطاعت واخلاص کے دعوے پر قائم رہتا ہے اور کون الٹے پاؤں پھر جاتا ہے ) (محمد 31)۔
    « اللہ عزوجل مسلمانوں کو اس حال پر چھوڑنے والا نہیں جس پر تم ہو جب تک جدا نہ کر دے گندے (منافق کو ) ستھرے سے (مخلص مومن سے )(آل عمران 179)۔
    « بیشک ضرور تمہاری آزمائش ہوگی ( کہ تم میں سے کون اللہ کی راہ میں جہاد کرتا ہے، مصائب اور تکالیف برداشت کرتا ہے اور کون اس سے جی چراتا ہے ) تمہارے مال اور تمہاری جانوں میں ،اور بیشک ضرور تم اگلے کتاب والوں ( یہود ونصاریٰ )اور مشرکوں سے بہت کچھ سنو گے اوراگر تم صبر کرو گے اور ثابت قد م رہو گے (تقویٰ اختیار کرو گے ) تو یہ بڑی ہمت کا کام ہے (آل عمران 186)۔
    تاریخ گواہ ہے کہ ہر قوم آزمائش کی بھٹی سے ضرور گزری ہے۔ قدرت نے نوازنے سے پہلے، رفعتیں عطا کرنے سے پہلے ضرور ان کا امتحان لیا ہے کہ وہ کتنے پانی میں ہیں؟ کتنے ثابت قدم ہیں؟ کتنے اپنے مقاصد کے حصول پر پختہ و کار بند ہیں؟ کہیں مصیبتیں ، تکلیفیں اور سختیاں دیکھ کر پھر جانے والے تو نہیں؟کہیں ہمت اور حوصلہ ہار جانے والے تو نہیں؟ کہیں شدت سے گھبرا کر باطل سے مفاہمت و سمجھوتہ کر کے چین سے بیٹھ جانے والے تو نہیں؟قدرت نے ہر قوم کو شدید آزمائش میں ڈال کر ضرور جانچا ہے، ضرور پرکھا ہے، ضرور ان کی آزمائش کی ہے۔اگر وہ ثابت قدم رہے تو ان پر اپنے انعام واکرام کی بارش کی اور انہیں قوموں کی صفوں میں عزت و وقار، عظمت و سربلندی عطا کی۔ اسلامی تاریخ کے ابتدائی دور میں مٹھی بھر باہمت، باحوصلہ مسلمان ہر آزمائش میں پورے اترے، ہر مصیبت کا جوانمردی سے مقابلہ کیاتو اللہ تعالیٰ نے انہیں ہر میدان میں سرخرو کیا،ہر معرکہ میں کامیابی عطا فرمائی اور انہیں قوموں کی صفوں میں سربلند کیا اور اپنی زمین کا وارث بنایا۔شرق تا غرب، شمال تک جنوب ہمارا راج تھا اور ہمارا سکہ چلتا تھا، چار سُوہمارا رعب اور دبد تھا۔
    آج ہم مسلمان تعداد میں اربوں ہونے کے باوجود حوصلہ شکن ہیں، ذرا سی مصیبت آتے دیکھ کر گھٹنے ٹیک دینے والے ہیں۔ ہم جیسے جیسے تعداد میں بڑھتے گئے مغلوب ہوتے گئے، نہ ہم میں وہ ہمت رہی ، نہ وہ حوصلہ رہا، نہ وہ پختگی رہی، نہ وہ اخوت و بھائی چارہ رہا، نہ ہماری اپنی صفوں میں اتحاد رہا۔ سب مل کر دشمن کا مقابلہ کیا کرتے جب یہ اپنی صفوں میں اتحاد کھو بیٹھے اور ایک دوسرے کے دست و گریباں ہو گئے۔ہم اغیار کی ہر سازش کا شکار ہوئے، دشمن کے سب ہتھکنڈے ہم پر کار گر ثابت ہوئے اور ہماری قوت و طاقت کو بہا لے گئے۔آج ہم دنیا میں ہر جگہ ذلیل و رسواء ہیں، خواری و ناداری ہم  پرمسلط ہے۔دنیا میں چار سو جس سمت نظر دوڑائیں ہم مسلمان ہی ذلت و رسوائی کا شکار ہیں اور ظلم و جفا کی چکی میں پس رہے ہیں۔
    ہمارا یہ حال کیوں نہ ہوتا جب ہم نے اپنے اسلاف سے منہ موڑ کر اغیار کی طرف دیکھا، ضمیر فروش بنے،اپنے اسلامی کلچر، تہذیب و تمدن، اصول و روایات سے غداری کی اور اغیار کی تہذیب و کلچر کو اپنایا۔آج ہمارے اسلامی معاشرہ میں زندگی کے ہر شعبہ میں اغیار کا کلچر غالب نظر آتا ہے خواہ وہ معاشرت و رہن سہن ہو، لباس ہو یا واضح قطع ، یا ظاہری شکل و صورت۔ جب ہم نے اپنے اسلاف سے منہ موڑ کر اغیار کی طرف دیکھا تو انہوں نے ہمیں اپنے ہر رنگ میں رنگ لیابلکہ ہم تقلید و نقل میں اخلاقیات کی سب حدیں پار کر کے ان سے بھی آگے گئے۔ہم نے استقامت و ثابت قدمی کا دامن چھوڑ دیا۔ہم یہاں تک ڈرپوک ہو گئے کہ آج ہم اغیار کے ڈر سے اپنے ایک اہم دینی رکن جہاد، سعی، کوشش و ثابت قدمی کا نام لینے بھی ڈرتے ہیں کہ کہیں دشمن کی طرف سے ہم پر کوئی مصیبت نہ آ جائے۔
    آج ہمارے حکمران کہتے ہیں کہ آج سے 14سو سال پہلے کی باتوں کو اِس دور میں لاگو نہیں کیا جا سکتا، بلکہ جنرل مشرف نے تو  یہاں تک کہہ دیاتھا کہ ’’جہاد کا نام لینے سے امریکہ ہم پر چڑھ دوڑے گا۔‘‘ کیا تمہارے ماٹو میں جہاد فی سبیل اللہ نہیں ؟کیا جہادسے انکار کرنے سے، اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں ،ماؤں بہنوں ،بیٹیوں کی مدد نہ کرنے سے اللہ عزوجل واحدالقوی القہار تمہیں معاف کر دے گا؟کیاوہ تم پر نہیں چڑھ دوڑے گا ؟‘‘
    ان کی باتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے دلوں میں اللہ عزوجل کی نسبت دجالی قوت’’ امریکہ‘‘ کا خوف زیادہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مظلوم کی بجائے ظالم کاساتھ دیا۔ صرف اس لیے کہ انہوں نے آج سے14سو سال پہلے کی خلافت راشدہ کو جلا بخشی تھی اور اپنے ملک میں ایک حقیقی اسلامی فلاحی نظام کیلئے کوشاں تھے جو امریکہ اور اس کے حلیفوں کو گوارہ نہ تھی۔
     آج کوئی ظالم کے سامنے کلمہ حق کہنے کیلئے تیار نہیں، سب اللہ کے خوف سے زیادہ سر کش شیطان، بدمست ہاتھی سامراج کے خوف میں پس رہے ہیں۔ قوم کے ٹکڑوں پر پلنے والے بزدل حکمران آج قوم کو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - - - - -نیا ہجری سال ، محاسبۂ نفس کا موقع

شیئر: