Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھپڑ کے بدلے انشورنس افسر کا قتل

تلک نگر۔۔۔۔انشور نس ایجنٹ اتل کپور کے قتل کے معاملے میں ایک لیڈیز ٹیلر کو گرفتار کیا گیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک ماہ قبل اسکوٹی پارک کرنے کے معاملے پر کہا سنی ہوگئی اور اتل نے ٹیلر کو دکان کے اندر ایک خاتون کے سامنے تھپڑ رسید کردیا تھا جس کا بدلہ لینے کیلئے ٹیلر نے اتل کا قتل کردیا۔ملزم ٹیلر کو سلیم پور سے اس کی بہن کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔اس کے قبضے سے خون آلو دکپڑے اور دھار دار آلہ برآمد کیا گیا۔مشرقی دہلی کی ڈی سی پی مونیکا بھاردواج نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا نام شاہد ہے جو بریلی کا رہنے والا ہے۔ شاہد تلک نگر میں گزشتہ 5سال سے ٹیلرنگ کا کام کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ایک روز رات گئے اتل کھانا کھانے کے بعد پارک میں ٹہل رہے تھے کہ گھات لگائے شاہد نے ان پر دھار دار آلے سے حملہ کردیا۔اتل کو زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں علاج کے دوران موت ہوگئی۔پارک میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے ایس ایچ او ستیہ پرکاش اور ان کی ٹیم نے ملزم کو جعفر آباد سے گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ ایک ماہ قبل اتل نے اس کی دکان پر ایک قریبی خاتون کے سامنے تھپڑ جڑدیا تھاجسے وہ برداشت نہیں کرسکااور بدلہ لینے کا فیصلہ کرلیا اور موقع پاکر قتل کردیا۔تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں کے درمیان رقم کے لین دین کا بھی معاملہ چل رہا تھا جبکہ کسی دوسرے کی اسکوٹی پارکنگ کی بات پر تنازعہ پیدا ہوا تھاجس پر اتل نے ملزم کو تھپڑ رسید کیا تھا۔
مزید پڑھیں:- - - -رام مندر بن کر رہے گا،حکومت اور عدلیہ بھی ہماری ہے، بی جے پی وزیر

شیئر: