Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین اردو اکیڈمی تلنگانہ مولانا رحیم الدین انصاری سے جدہ کی اردو اکیڈمی کے وفد کی ملاقات

ریاست میں اردو ماڈلز اسکول کے قیام کو یقینی بنانے کی اپیل کی ، اردو کے فروغ اور اس کی ترویج کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی چیئرمین کی یقینی دہانی
     امین انصاری۔ جدہ
اردو اکیڈمی جدہ کے صدر سید جمال اللہ قادری کی ہدایت پر یوسف وحید کی قیادت میں ایک وفد نے ریاست تلنگانہ کی اردو اکیڈمی کے نو منتخب چیئرمین مولانا محمد رحیم الدین انصاری سے ان کے چیمبر میں ملاقات کرکے ان کی گلپوشی کی اور اردو اکیڈمی جدہ کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ۔
    یوسف وحید ،سید جمال اللہ قادری کی نیابت کرتے ہوئے تلنگانہ اردو اکیڈمی کے چیئرمین کو اردو کی زبوں حالی سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ جدہ میں مقیم حیدرآبادی کمیونٹی کے اردو دوست احباب نے اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا ہے جس کے تحت حیدرآباد دکن میں اردو ٹیچرز اور قابل طلباء جو اعلیٰ نشانات سے کامیابی حاصل کرتے ہیں، انہیں گولڈ میڈل اور نقد انعامات ہر سال دیئے جاتے ہیں نیز اردو مدارس میں طلباء کو یونیفارم اور اسکول بیگس و کتابیں بھی تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ وفد کے ارکان رفعت صدیقی ، ہاشم علی ، احمد محی الدین اور یوسف وحید نے صدر نشین اردو اکیڈمی مولانا رحیم الدین الدین انصاری سے گزارش کی کہ وہ اردو مدارس کی تعلیم کو مستحکم اور معیاری بنانے میں اپنی طرف سے حکومت سے نمائندگی کریں اور اکیڈمی کی جانب سے وضائف اور اسکولی بیگس کی تقسیم کو یقینی بنائیں ۔ وفد نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ آپ کے دور اقتدار میں اردو کا بول بالا ہوگا ،حکومت تلنگانہ کی نگرانی میں اردو ماڈلز اسکولز کا قیام عمل میں آئے گا جس سے اساتذہ کو روزگار اور بچوں کو اعلیٰ تعلیم میسر ہوگی ۔ وفد نے اس موقع پر اکیڈمی جدہ کے تمام ذمہ داران کی جانب سے صدر نشین اردو اکیڈمی کو مبارکباد دی ۔
    چیئرمین مولانا رحیم الدین انصاری نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ اردو کے فروغ اور اس کی ترویج کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔سابق میں جس طرح دینی اور اردو مدارس کو کمپیوٹرز دیئے گئے تھے، اس کی تقسیم کو ایک بار پھر یقینی بنائیں گے ۔ شعراء ، ادیب اور صحافیوں کیلئے وظائف جاری کرنے کی پوری کوشش کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اردو کو فروغ دینے میں سنجیدہ ہے۔ اردو اکیڈمی  ریاست تلنگانہ میں اردو کو عام کرنے میں آئین کے دائرے میں تمام تر اقدامات کرے گی ۔
مزید پڑھیں:- - - -دبئی: بزم اردو کا 5واں عالمی مشاعرہ اور محفل اردو
 

شیئر: