Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارشل آرٹ سے شوگر ، بلڈ پریشر اور دل کے امراض سے نجات مل سکتی ہے ، صلاح الدین جاوید

    جدہ ( امین انصاری )حیدرآباد دکن کی انتہائی معروف شخصیت گرانڈ ماسٹر حافظ محمد صلاح الدین جاوید ، بانی اسٹار کراٹے کلب انٹرنیشنل کی ادائیگی حج پر مملکت آمد پر ان کے دیرینہ رفیق  ڈاکٹر سید علی محمود نے ان کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا ۔چیئرمین جی 21 گروپ ڈاکٹر سید علی محمود نے شرکاء اور مہمان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ صلاح الدین جاوید  نے بچوں اور لڑکیوں میں فٹنس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آج سے 40  سال قبل اسٹار کراٹے کلب قائم کرکے لڑکوں اور لڑکیوں کو مارشل آرٹ سے جوڑا۔چونکہ یہ حافظ قرآن تھے چنانچہ انہوں نے امت مسلمہ کیلئے حفظ قرآن کا بھی سلسلہ شروع کیا ۔دونوں میدانوں میں ہزاروں شاگرد دنیا بھر میں اپنے استاد کا نام روشن کررہے ہیں ۔  اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انسان جب کسی کام کو ٹھان لیتا ہے اور عزم پختہ  ہو تو اللہ تعالیٰ کی نصرت اس کے ساتھ ہوجاتی ہے۔اس موقع پر انہو ںنے جدہ میں قائم کی گئی جی 21 گروپ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد اور یکجہتی کی مثال ہے ۔جی 21 گروپ کے بانی  و فلیگ ہولڈر سید خواجہ وقار الدین نے کہا کہ ہم نے بچپن میں حافظ صلاح الدین جاوید کے کلب سے کراٹے  کا فن سیکھا  ۔موصوف اپنی نرم گفتار اور حسن اخلاق سے بچوں اور لوگوں کے دلوں میں گھر بنالیتے تھے ۔ بچوں کو ٹریننگ دینے میں آپ کی شیریں زبان استاد اور شاگرد کے رشتے کو استحکام بخشتی تھی۔انہوں نے حج کی ادائیگی پر گرانڈ ماسٹر کو مبارکباد بھی دی ۔ مہمان خصوصی گرانڈ ماسٹر حافظ محمد صلاح الدین جاوید نے اہل جدہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراٹے سے  انسان میں سیلف ڈیفنس کو بڑھاوا  ملتاہے۔ اس مارشل آرٹ میں لڑکے اور لڑکیاں اپنا بچاؤ اور تحفظ کرسکتے ہیں ۔ ہم نے " سیلف ڈیفنس "  کا ایک اسپیشل کورس وطن عزیز حیدرآباد دکن میں شروع کیا ہے جس میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس اور دیگر شعبہ جات کے اہم لوگ حصہ لے رہے ہیں ۔ ڈیفنس کو مضبوط بنانے کے چند داؤ کے ساتھ ساتھ  نان چیکو سکھایا جاتا ہے ۔ یہ وہ  فن ہے جو لاٹھی ، پستول ،تلوار جیسے ہتھیاروں سے بھی بچاؤ کرواسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نان چیکو کا ایک وار 300  پونڈ کا ہوتا ہے اس فن میں 700  سے زائد موومنٹ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فن کسی پر وار کرنے یا حملہ کرنے کیلئے نہیں سیکھا جاتا بلکہ سیلف ڈیفنس اور فٹنس کیلئے سیکھا جاتا ہے ۔ مارشل آرٹ سے انسانی جسم میں چستی ، پھرتی کے ساتھ ساتھ شوگر ، بلڈ پریشر ،  دل کے امراض اور پیٹ کے امراض سے بچاؤ کی بے شمار ایکسرسائز  ہیں ۔ آپ اس فن سے جڑ کر ان بیماریوں سے دور رہ سکتے ہیں انہوں نے اس موقع پر چند ایکسرسائز شرکاء کو بتائیں  ۔ تقریب میں جدہ کی معروف شخصیتوں کی کثیرتعداد موجود تھی ۔
مزید پڑھیں:- - - - -امسال مدینہ منورہ ، امارات ، ترکی اور کویت کو 91ہزار ٹن کھجوریں برآمد کریگا
 

شیئر: