Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: جناح میموریل کپ بیبانی کرکٹ کلب کی 79رنز سے جیت

 
 301رنز کے جواب میں ایورگرین کلب 222رنز پر آوٹ ، وقار اور عاطف کی سنچریاں، وقار شاندار آل راونڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ رہے
جدہ کی جامعہ ملک عبد العزیز کے فلڈ لائٹ گراونڈ میں جامعہ کی بیبانی کرکٹ کلب اور جدہ کی معروف ایورگرین کلب کے درمیان بانی پاکستان کی یاد میں جناح میموریل کرکٹ کپ کا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا جو بیبانی ٹیم نے 79 رنز سے باآسانی جیت لیا۔بیبانی کلب کے کپتان ڈاکٹر محمد سعید کریم بیبانی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ وقار اور علی رضا نے آغاز کیا۔ ایورگرین کے کپتان منظور شاہ نے پہلا اوور خود کرایا تاہم پہلے ہی اوور میں اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا۔وقار نے مسلسل 3چھکے لگا دیئے۔پہلے اوور کی آخری گیند پر بھی چھکا لگا ۔ دوسرے اوور میں ایورگرین کے بولر قدرے سنبھل گئے ۔ فاسٹ بولر افضال نے بہترین اوورکراتے ہوئے صرف 3رنز دئیے اور اپنی ٹیم کو کھیل میں واپس لائے۔ پانچویں اوور میں افضال کی گیند پر علی رضا آوٹ ہو گئے ۔ چھٹے اوور میں فیصل نے گیند پکڑی تو انکے سامنے نئے بلے باز عاطف تھے جنھوں نے انھیں دو چوکے اور ایک چھکا جڑ دیا۔ ساتویں اوور میں عاطف، افضال کو محض ایک چھکا لگا سکے۔ انکے بعد فیصل کے اوور میں عاطف اور وقار دونوں نے ایک ایک چھکا لگایا مگر وائڈ اور سنگل ڈبلز کے رنز ملا کر فیصل بیس رنز کھا گئے۔ نویں اوور میں نئے بولر آفتاب کو انیس رنز پڑ گئے۔پہلے 10اوورز میں بیبانی کلب کا اسکور 152 تک پہنچ گیا تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ 300 کا ہندسہ عبور کر لیا جائے گا۔ حسب توقع ٹیم 301 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ عاطف اور وقار نے گراو¿نڈ کے چاروں طرف خوبصورت اسٹروکس کھیلے۔اگلے10 اوورز میں شیر زمان، رخسار اور حبیب نے بھی بولنگ کی مگر دونوں بلے باز کسی کو خاطر میں نہیں لائے اور چوکوں چھکوں کی بارش کرتے رہے۔ بارہویں اوور میں شیرزمان کی گیند پر وقار100 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے جبکہ عاطف 101 رنز بنا کر ستارہویں اوور میں افضال کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ انکے بعد عزیر ، اصغر اور محمد بن خالد نے بھی اچھی بیٹنگ کی اورا سکور آگے بڑھاتے رہے۔ محمد بن خالد اور اصغر نے آخری اوور میں ٹیم کا ا سکور 301رنز تک پہنچا دیا۔ ایور گرین 302 رنز کا ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے جوابی بیٹنگ کیلئے میدان میں اتری تواس وقت مشکلات کا شکار ہو گئی جب پہلے ہی اوور میں بیبانی کلب کے منجھے ہوئے بولر پروفیسر اعجاز کی گیند پراوپنر آفتاب کیچ آوٹ ہوگئے ۔ دوسرے اوور میں رخسار، اصغر کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ پروفیسر اعجاز نے تیسرے اوور میں ایک اور کھلاڑی کو آ و¿ٹ کر کے ایور گرین ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ اصغر اور اعجاز کے پہلے 5 اوورزکے بعد کپتان ڈاکٹر بیبانی نے بولنگ کرائی تو فیصل اور محفوظ نے انھیں 2 چھکے لگا دئے تاہم اگلے اوور میں انھوں نے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز حبیب کوآف سائڈ پر گیند کی ہوا میں بلند ہوتی ہوئی گیند کو کافی دور تک بھاگتے ہوئے وقار نے خوبصورت کیچ پکڑلیا۔ ایور گرین ٹیم ابھی سنبھل نہ سکی تھی کہ اگلے 2 اوورزمیں محمد بن خالد نے بہترین ورائٹی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور محفوظ کو ان سوئنگر پر آوٹ کردیا۔ انکے بعد فیصل نے انھیں ایک چھکا لگایا۔ محمد بن خالد کی اگلی گیند پر بھی انھوں نے بھرپور شاٹ لگائی مگر وقار نے جو باو¿نڈری پر کھڑے تھے لمبے قد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خوبصورت کیچ لے لیا ۔ اس سے پہلے باو¿نڈری پر ایسا خوبصورت کیچ کم دیکھنے میں آیاہے۔ 100رنز کی سنچری اننگز کھیلنے اور بہترین فیلڈننگ پر انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔محمد بن خالد نے شیر زمان کو کلین بولڈ کیا۔وہ 3وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ پروفیسر اعجاز نے اپنے دوسرے اسپیل میں بھی شاندار بولنگ کی اور عتیق نے نہایت محتاط اور خوبصورت وکٹ کیپنگ کا مظاہرہ کیا۔ کھیل کے آخری اوور میں ایور گرین کی پوری ٹیم 222 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔جس کے باعث بیبانی کلب قائد اعظم محمد علی جناح کی یاد میں کھیلا جانے والا یہ میچ 79رنز سے جیت لیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں

شیئر: