Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپیئنز لیگ: رونالڈو ریڈ کارڈ ملنے پر روتے رہے

 
ویلنسیا:یوونٹس کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کے گراونڈ سے باہر جانے کے باوجود ویلنسیا کلب کو 0-2سے شکست دیدی ۔پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کیریئر میں پہلی مرتبہ چیمپیئنز لیگ کے کسی میچ میں ریڈ کارڈ ملنے اور ممکنہ طور پر3میچوں کیلئے معطل ہونے پر روتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے ۔ رونالڈو اپنے نئے کلب یوونٹس کیلئے چیمپیئنز لیگ کا پہلا میچ کھیل رہے تھے یوں ان کیلئے یہ پابندی زیادہ سنگین ہو سکتی ہے ۔ رونالڈو پر الزام تھا کہ انہوں نے ہسپانوی کلب ویلنسیا کے خلاف میچ میں مخالف کھلاڑی کو چکمہ دے کر گرانے کے بعد اسے سر کے بالوں سے پکڑ کر اٹھانے کی کوشش کی۔ ریفری نے گراونڈ کے کنارے پر موجود معاون ریفری سے بھی مشاورت کی اور معروف فٹبالر کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراونڈ سے باہر جانے کیلئے مجبور کردیا۔کھیل کے پہلے ہاف میں باہر ہونے پر سپر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو دل برداشتہ ہو گئے اور زار و قطار رونے لگے ۔کچھ دیر کے لئے سر پکڑ کر اسٹیڈیم میں ہی لیٹ گئے اور بعد ازاں آنسو بہاتے ہوئے باہر چلے گئے۔ رونالڈو کے ساتھی کھلاڑیوں نے ریفری کے فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مخالف ٹیم کا دفاعی کھلاڑی خود زمین پر گرا اور زخمی ہونے کی اداکاری کر رہا تھا لیکن ان کا یہ موقف تسلیم نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر شائقین نے نعرے بازی بھی کی اور مداحوں نے ریفری کے متنازعہ فیصلے پر جملے بھی کسے۔ رونالڈو بوجھل قدموں کے ساتھ گراونڈ سے باہر جانے لگے تو شائقین نے ان کے حق میں نعرے لگائے اور نشستوں سے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔ رونالڈو باہر آکر بھی اپنے کوچ اور ساتھیوں سے مل کر روتے رہے تاہم کرسٹیانو رونالڈو کے بغیر بھی ان کی ٹیم 2 گول کرنے میں کامیاب ہو گئی اور مخالف ٹیم کے ہر حملے کو ناکام بناتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی۔کرسٹیانو رونالڈو کو اپنے کیریئر میں 11 مرتبہ ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اسٹار فٹبالر کو چیمپئینز لیگ میں ریڈ کارڈ دکھایا گیا ہو۔ رونالڈو کی ٹیم یوونٹس نے میچ کے بعد ٹویٹ میں رونالڈو کو ریڈ کارڈ دکھانے کی ویڈیو شیئر کی ہے اور صارفین سے پوچھا گیا ہے کہ کیا یہ ایسا فاول ہے جس پر ریڈ کارڈ دکھایا جائے۔یہ موجودہ سیزن میں رونالڈو کا نئے کلب کی جانب سے پہلا میچ تھا اور وہ مسلسل3مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے والے کلب رئیل میڈرڈ کو چھوڑ کر اطالوی کلب میں شامل ہوئے ہیں۔ان پر ممکنہ طور پر3میچوں کی پابندی لگ لگ سکتی ہے جس کا تعین یورپی فٹبال ایسوسی ایشن کرے گی اور ایسا ہوا تو رونالڈو ایک ڈومیسٹک اور 2چیمپیئنز لیگ میچوں سے باہر ہو جائیں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں

شیئر: