Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی بینکوں کے اعلیٰ عہدیداران برطرف

کراچی:  اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے 2 ڈپٹی گورنرز اور نیشنل بینک سمیت 4 دیگر بینکوں کے سربراہوں کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کئی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کرنے کا اقدام وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت اٹھایا گیا ہے۔
اعلیٰ عہدوں سے برطرف کیے گئے افراد میں اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر شمس الحسن، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، نیشنل بینک کے صدر اور سی ای او سعید احمد، زرعی ترقیاتی بینک کے صدر اور سی ای او سید طلعت محمود، فرسٹ ویمن بینک کی صدر و سی ای او طاہرہ رضا، ایس ایم ای بینک کے صدر و سی ای او احسان الحق، کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کے ارکان ڈاکٹر شہزاد عنصر اور ڈاکٹر محمد سلیم شامل ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی چیئر پرسن ودیعہ خلیل کے بطور چیئر پرسن دوبارہ تقرر کا فیصلہ بھی واپس لے لیا ہے۔
برطرف افسران کی جگہ تعینات کیے گئے افراد میں زرعی ترقیاتی بینک کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ شیخ امان اللہ کو بینک کا قائم مقام صدر، ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ نوشابہ شہزاد کو فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی سی ای او اور سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ ایس ایم ای بینک دلشاد علی احمد کو قائم مقام صدر و سی ای او مقرر کردیا گیا ہے ۔
مزید پڑھیں:- - - -امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی

شیئر: