Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان کے 10رنز ہند کے کھاتے میں

گیانا:ویسٹ انڈیز میں جاری ویمنزٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیموں کو رنز کے جرمانے کے بعد دیگر ٹیمیں محتاط ہو گئی ہیں اور میچ کے دوران بیٹرز کی جانب سے وکٹ کے محفوظ حصے پر دوڑنے کا معاملہ خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔ پاک ہند میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 133رنز بنائے تھے جس میں بسمہ معروف اور ندا ڈار کی نصف سنچریاں شامل تھیں،دونوں نے بالترتیب 53اور 52رنز بنائے تھے۔میچ میں پاکستانی ٹیم پر10رنز کا جرمانہ کیا گیا اور یہ رنز ہندوستانی ٹیم کے اسکور میں شامل ہو گئے جس سے ہند کیلئے ہدف کا آسان ہو گیا۔ اوپنر متھالی راج کی نصف سنچری 56رنز کی بدولت ہند نے 3وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ 7وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستانی کھلاڑیوںکی جانب سے رن بناتے وقت پچ کے اس حصے میں دوڑنے کی وجہ سے10رنز کا جرمانہ ہواجہاں دوڑنے سے وکٹ خراب ہونے سے میچ کا نتیجہ متاثر ہو سکتا ہے ۔ امپائرز نے ایک مرتبہ پاکستانی کپتان جویریہ خان کو صورتحال کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے انتباہ دیا لیکن پاکستانی بیٹرز اپنی اس کوتاہی پر قابو نہ پا سکیں اور جب دوبارہ یہی کچھ ہوا تو امپائر زنے 2مرتبہ یہ حرکت کرنے پر 10رنز کا جرمانہ کرکے یہ رنز ہندوستانی ٹیم کو تفویض کر دیئے جس کے فاضل رنز میں اضافے سے اسے ہدف تک رسائی میں مزید سہولت ہو گئی ۔پاکستانی کپتان جویریہ خان نے بعد میں اعتراف کیا یہ سب کچھ ہماری نا تجربہ کاری کا نتیجہ ہے اب پوری کوشش ہو گی کہ ایسا نہ ہو۔ اس غلطی میں سابق کپتان بسمہ معروف کے علاوہ ندا ڈار، ناہیدہ خان اور سدرہ امین ملوث پائی گئیں۔ ٹیم پر ہونے والے جرمانے نے ہندوستانی ٹیم کو فائدہ پہنچایا اور سابق کپتان متھالی راج نے جو ٹاپ اسکورر رہیں بتایا کہ میچ کی دوسری اننگز سے قبل امپائرز نے ہمیں صورتحال سے آگاہ کرنے کے بعد خبر دار کیا کہ اگر ہندوستانی کھلاڑیوں نے احتیاط نہ کی تو ان کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے جس پر ہم نے اس بات کا خاص خیال رکھا کہ ہماری کوئی بیٹر وکٹ کے اس حصے پر نہ دوڑے ۔آئر لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں بھی ایسا واقعہ ہوا تاہم آئرش کھلاڑیوں نے وارننگ کے بعد صرف ایک مرتبہ یہ غلطی کی جس پر اسے 5رنز کا جرمانہ برداشت کرنا پڑا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: