Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت نے انصاف کردیا، خاشقجی کے قتل میں ملوث افراد کا احتساب ہوگا، السدیس

مکہ مکرمہ ..... اسلامی دنیا کے معروف و مقبول عالم دین حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ اور مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے سعودی شہری جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق سعودی پبلک پراسیکیوشن کے بیان پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے اپنے شہری کے ساتھ انصاف کردیا۔ جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث تمام افراد کا احتساب کیا جائیگا۔ سعودی قیادت نے اس حوالے سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کر دکھایا۔ یہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات اور قراردادوں کی تاج پوشی کے مترادف ہے۔ خاشقجی کے قاتلوں پر اسلامی شریعت نافذ کی جائیگی۔ پبلک پراسیکیوشن کا بیان عدل و انصاف کا بول بالا ہے۔ سعودی ریاست عدل ، مساوات ، حد سے تجاوز کرنے و الے کے احتساب کی بنیاد پر قائم کی گئی تھی۔ ہر حال میں ہر شخص پر اسلامی شریعت کا نفاذ سعودی عرب کی اساس میں داخل ہے۔ پبلک پراسیکیوشن کا بیان اسی زریں سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنی قیادت راشدہ کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ اسلامی اصولوں کے پابند اور اسلام کے پاکیزہ مقاصد کی تکمیل کے علمبردار سعودی قائدین کی حفاظت کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں۔ امام السدیس نے کہاکہ اللہ تعالیٰ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور انکے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حفاظت کرے۔ سعودی ریاست کے عقائد، اسکی قیادت ، امن و امان ، خوشحالی اور استحکام کی پاسبانی کرے۔مکاری، عیاری کرنے والوں کے مکر اور نفرت کرنے والوں کی نفرت سے بچائے رکھے۔

شیئر: