Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتحاد بین المسلمین کیلئے شاہ سلمان کا کردار قابل قدر ہے، صدر مجلس شوریٰ

ریاض..... مجلس شوریٰ کے صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نے مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر میں امن و امان کے قیام ، اسلامی اتحاد کے فروغ اور عربوں کو متحد کرنے اور رکھنے کیلئے شاندار مساعی صرف کرنے پر سعودی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ وہ پیر کو شوریٰ کے نئے سیشن کے افتتاحی اجلاس میں قائد اعلیٰ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی آمد پر خیرمقدمی تقریر کررہے تھے۔ صدر شوریٰ نے کہا کہ شاہ سلمان اور ولیعہد کی شوریٰ آمد ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مبارک سرزمین آپ کے عہد میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور خود آپ کی حکیمانہ قیادت کی بدولت مسلسل ترقی کررہی ہے۔ آپ کے عہد میں وطن عزیز کی ترقی اور شہریوں کو مزید پروقار زندگی فراہم کرنے کی غرض سے شاندار اسکیمیں روبہ عمل لائی گئی ہیں اور لائی جارہی ہیں۔ سعودی خواتین و حضرات اقتصادی پروگراموں کی کامیابیوں سے خوش ہیں ۔ قومی اقتصاد کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ آمدنی کے وسائل میں تنوع پیدا ہوا ہے۔ سعودیوں کیلئے روزگار کے نئے شعبے کھلے ہیں۔ بہت ساری تجارتی اور اقتصادی سرگرمیاں سعودیوں کیلئے مختص ہوگئی ہیں۔ بین الاقوامی سرمایہ کار اور ماہرین اقتصاد مملکت کی طرف قدرو منزلت کی نظر سے دیکھنے لگے ہیں۔ ہمارا ملک جی 20 کا موثر رکن بن چکا ہے۔ قومی بجٹ 1439-40 ھ ا قتصادی رجحانات کی روشن مثال ہے۔ مالیاتی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا پروگرام ویژن 2030 کا پرتو ہے۔ صدر شوریٰ نے شاہ سلمان کو حرمین ایکسپریس ٹرین کے افتتاح ، انٹرنیشنل انویسٹمنٹ فورم اور اس موقع پر طے پانے والے معاہدوں پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی ماحولیاتی دولت کے تحفظ کے سلسلے میں بھی آپ کا کردار قابل قدر ہے۔ شوریٰ کے اجلاس میں شہزادہ عبدالالہ بن عبدالعزیز ، گورنر ریاض ، شاہی خاندان کی اہم شخصیات ، مفتی اعلیٰ ، شوریٰ کے اعلیٰ عہدیدار وہاں موجود تھے۔

شیئر: