Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک سعودی تعلقات ہر میدان میں ترقی پذیر ہیں، خان ہشام

گلوکارراحت فتح علیخان کیساتھ شب موسیقی، راحیل شریف مہمان خصوصی، فہیم الحامد اعزازی مہمان، پاکستان اور دیگر ممالک کے شہریوں کی شرکت
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ وقت کے ساتھ پاک سعودی تعلقات نئی بلندیوں سے روشناس ہورہے ہیں اور یہ کہ مختلف امور پر دونوں برادر ممالک کی حکمت عملی یکساں ہے۔ وہ کنگ فہد کلچرل سینٹر میں معروف گلوکار راحت فتح علیخان کے ساتھ منائی گئی شب موسیقی میں پاکستانی اور دیگر ممالک کے شہریوں کی ایک بڑی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستانی افواج کے ریٹائرڈ کمانڈر انچیف اور اسلامی امن فوج کے کمانڈر جنرل (ر) راحیل شریف تھے جبکہ اعزازی مہمان سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات عواد العواد کے مشیر برائے اطلاعات خارجی فہیم الحامد تھے۔ اس موقع پر متعدد جنوبی ایشیائی ممالک کے سفراءبھی موجود تھے۔ وسیع و عریض کلچرل سینٹر سے خطاب میں خان ہشام نے واضح کیا کہ ا ب پاک سعودی تعلقات اجتماعی اور ثقافتی میدانوں میں بھی وسعت اختیار کررہے ہیں اور یہ کہ 2پاکستانی فلموں کی یہاں کے سینما گھرو ںمیں کامیاب نمائش ہوچکی ہے جبکہ ایک تیسری فلم بھی عوام جلد دیکھ سکیں گے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 میں پاک سعودی باہمی تعلقات کی بہتری میں بے انتہا مواقع پیدا ہونگے۔ خان ہشام نے کہا کہ مملکت نے 583پاکستانی طلباءکو مختلف جامعات میں اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف کی پیشکش کی ہے جبکہ دونوں ممالک کے صحافی بھی ایک دوسرے کے ملک کے باہمی دورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سعودی ٹی وی پر پاکستانی ٹی وی ڈرامے بھی پیش کئے جائیں گے۔ قبل ازیں فہیم الحامد نے سعودی وزیر اطلاعات کی جانب سے راحت فتح علیخان اور انکے ہمراہ سازندوں کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ پاک، سعودی تعاون اب ثقافتی میدان میں بھی وسیع تر ہوگا اور یہ کہ پاکستانی فلموں کی ریاض میں بہت زیادہ پذیرائی ہوئی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں راحت فتح علیخان نے کہا کہ وہ پہلے بھی ریاض آنے والے تھے اور سعودی قومی دن کے حوالے سے پروگرام کرنے کے خواہاں تھے تاہم وہ ملتوی کردیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے ہموطن تارکین کو نصیحت کی کہ اپنے وطن کی عزت و احترام کا ہرو قت خیال رکھیں۔ اسکے بعد انہوں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ اپنی گائیکی سے آڈیٹوریم کو مسحور کئے رکھا اور بے پناہ داد حاصل کی۔ انہوں نے اپنے استاد نصرت فتح علیخان کے گائے نغمے اور قوالیاں بھی پیش کیں۔ تقریب کی نظامت کیلئے اسلام آباد سے خصوصی طور پر پی ٹی وی کے اناﺅنسر عادل نجم کو مدعو کیا گیا تھا۔ 
 
 

شیئر: