Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان امن پسند ملک اور ہم باوقار قوم ہیں، ویلفیئر اتاشی

***ذکاء اللہ محسن۔ ریاض ***
٭ انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کی جانب سے سندھی اجرک اور ٹوپی ڈے منایا گیا۔ سندھ کی ثقافت سے بھرپور اور لوک گیتوںسے سجی تقریب میں  پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی ۔مہمان خصوصی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ تھے۔  تقریب کے آغاز میں انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کے صدر ذیشان قاضی کا کہنا تھا کہ وہ قومیں کبھی زوال پذیر نہیں ہوتیں جو اپنی ثقافت کے ساتھ منسلک رہتی ہیں ۔  ہمارے لئے یہ بات باعث افتخار ہے کہ کینیڈا میں سرکاری طور پر سندھی کلچر ڈے کا انعقاد کا اعلان کیا گیا جو ہر سال جاری رہے گا۔ مہمان خصوصی عبدالشکور شیخ نے کہا کہ سندھ کی ثقافت پاکستانی ثقافت کے گلدستے کا ایک حصہ ہے  ۔ سفارت خانہ پاکستان ایسی تمام تنظیموں کو اپنا تعاون پیش کرتا ہے جو پاکستانی ثقافت کو فروغ دیتی ہیں۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہم ایک باوقار قوم ہیں۔ اس طرح کی تقریبات سے پاکستان کا امیج بہتر ہوتا ہے۔ تقریب سے عبدالقادر ملاح اور رشید سرکی نے انڈس فورم کے مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فورم ویلفیئر کے کاموں کو سرانجام دے رہا ہے اور اندرون سندھ کئی ایک ایسے پروجیکٹ شروع کیے گئے ہیں جن سے عام آدمی مستفید ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب میں بھی۔ تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے بچوں اور بچیوں نے سندھی لباس پہن کر سندھی کلچر ڈے کی مناسبت سے  رنگا رنگ شو پیش کیا ۔سندھی کلچر ڈے کی تقریب کو سندھ کے معروف فوک گلوکار طفیل سنجرانی نے خوب گرمایا۔ تقریب میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات سے جہاں تفریح میسر آتی ہے وہیں اپنے کلچر سے جڑے رہنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
٭٭اردو نیوز کے کالم نگار اور معروف صحافی پروفیسر جاوید اقبال کے اعزاز میں تسنیم امجد کی جانب سے  الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں  مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والووں نے بھرپور شرکت کی جبکہ سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف اور ویلفیئراتاشی عبدالشکور شیخ   بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے  ۔اس موقع پر عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ جاوید اقبال ایک سینیئرصحافی کے طور پر جانے  جاتے ہیں۔ ان کے کالمز تقریبا ًہر طبقے کے لئے یکساں طور پر ہوتے ہیں۔ سفارت خانہ پاکستان بھی ان کی صحافتی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انکی خدمات کو سراہتا ہے۔ کمیونٹی یلفیئر اتاشی محمود لطیف نے کہا کہ جاوید اقبال کے کالم سبق آموز اور تاریخی حقائق کے علاوہ موجودہ حالات کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں ۔ وہ جہاں بھی رہیں گے لوگوں کو اپنی معلومات اور تجربات سے فاہدہ پہنچاتے رہیں گے۔ جاوید اقبال نے کہا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے سعودی عرب میں رہ کر ایک اچھا مقام پایا ۔ اہلیان ریاض کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اپنی محبت سے نوازے رکھا ۔تقریب کی میزبان تسنیم امجد نے کہا کہ میں ان کے ساتھ اردو نیوز میں ایک مدت سے کام کر رہی ہوں، ہمیشہ انہوں نے رہنمائی دی اور انکی شفقت مجھے میسر رہی۔ تقریب سے محمود احمد باجوہ، حافظ عبدالوحید اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول کی  ٹیچر رفعت رضوی نے پروفیسر جاوید اقبال کی کالم نگاری پر لکھا گیا مقالہ انہیں پیش کیا ۔تقریب کے باقی تمام شرکاء کی جانب سے بھی جاوید اقبال کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض وقار نسیم وامق نے سرانجام دئیے۔
٭ ٭اتحاد ویلفیئر فائو نڈیشن کے چیئرمین خوش نادر خان نے کہا کہ خدمت خلق کا جذبہ ہی انسانیت کی معراج ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتحاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے جرائم کی بنیادی وجہ بڑھتی ہوئی غربت ہے۔ اگر معاشرے سے غربت ختم ہوجائے تو جرائم خود بخود ختم ہو جائیں گئے ۔خیبر پختونخواکے اب بھی ایسے بہت سے علاقے ہیں جو نہ صرف پسماندہ ہیں بلکہ ان میں سہولیات کافقدان بھی پایا جاتا ہے۔ اتحاد ویلفیئر فائو نڈیشن نے انہی علاقوں کی فلاح وبہبود کا ذمہ اٹھایا ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کی فلاح کا کام شروع کر رکھا ہے۔ہمارا مقصد ہے کہ ہم ان  مستحق اور نادار لوگوں کے کام آئیں جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ تقریب سے قاری عبدالوہاب، ربانی خان، نیاز احمد، مولانا عزت اللہ، قاضی اسحاق میمن، نعیم راہی، میرزمان، الیاس رحیم، رحمت علی رحمت، پیر رسول احمد باچااور اقبال ودودنے بھی خطاب کیا۔ تقریب کی نظامت نصیر عیسیٰ خان نے کی

شیئر: