Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے مکہ اور مشاعر مقدسہ رائل اتھارٹی کے انتظامی ضوابط مقرر کر دیئے

جدہ.... مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ ڈیولپمنٹ رائل اتھارٹی ضیوف الرحمان کو آسانیاں فراہم کرے گی، خدمات کا معیار بلند کرے گی اور غیر منظم آبادیوں کو ضیوف الرحمان کی رہائش کیلئے جدید خطوط پر استوار کرے گی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رائل اتھارٹی کے انتظامی ضوابط کی منظوری دیدی۔ اتھارٹی حجاج اور معتمرین کو پیش کی جانیوالی خدمات کو منظم ، مربوط اور معیاری بنائے گی۔ عکاظ اخبار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اتھارٹی کیلئے انتظامی قواعد و ضوابط 17دفعات میں جاری کئے گئے ہیں۔ ان کے بموجب رائل اتھارٹی کی ایک مجلس انتظامیہ ہو گی۔ اس کے سربرارہ ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان ہوں گے۔ اتھارٹی مکہ مکرمہ او رمشاعر مقدسہ کے جملہ منصوبوں خدمات اور پروگراموں کی بابت مکمل مختار ہوگی۔ وہی مبینہ علاقے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی پالیسیاں ترتیب دے گی۔ مجلس انتظامیہ گورنر مکہ مکرمہ ، وزیرداخلہ ، نائب گورنر مکہ مکرمہ، وزیر حج و عمرہ ، وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی اور ڈاکٹر فہد بن عبداللہ تیونسی پر مشتمل ہوگی۔ اتھارٹی کا صدر دفتر مکہ مکرمہ شہر میں ہوگا۔ یہ انتظامی لحاظ سے سعودی وزیراعظم کے ماتحت ہوگی۔ اتھارٹی ترقیاتی ، سماجی ، تعلیمی، ثقافتی، صحت ، بلدیاتی ،تکنیکی، ماحولیاتی، تجارتی، سیاحتی شعبوں کے پروگراموں اور خدمات کا معیار بلند کرے گی۔ یہ نقل و حمل ، مواصلات، توانائی ، آثار قدیمہ ، ہوٹلوں اور آبادکاری کے امور کو بھی منظم کرے گی۔ اس کے سات اہم مقاصد اور فرائض مقرر کئے گئے ہیں۔ خدمات کا معیار بلند کرنا ، موجودہ محلوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا، کچی آبادیوں کو عصری آبادیوں میں تبدیل کرنا، پلاٹنگ کے امور پر نظرثانی کرنا، آبادی کی منصوبہ بندی کے قواعد و ضوابط ترتیب دینا، خدمات کے سلسلے میں ترجیحات کا تعین کرنا، غیر سرکاری اداروں کو ترقیاتی عمل میں شریک ہونے کی ترغیبات دینا اور تمام منصوبوں کی ہر مرحلے میں نگرانی کرنا اس کے فرائض میں شامل ہے۔

شیئر: