Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش کا نزول ، قدرت کی عظیم نشانی

  قدرتِ الٰہی کی عظیم نشانیوں میں اہم نشانی آسمان سے بارش کا نزول ہے جو انسانوں کے علاوہ روئے زمین پر بسنے والی دیگر مخلوقات کی زندگی اور بقاء کا ایک اہم عنصر ہے
***مولانا محمد عابد ندوی۔جدہ***
دلائل توحید کے ضمن میں سورۃ البقرہ آیت164میں غور و فکر کیلئے 7 اہم اُمور کا تذکرہ ہے ، توحید باری تعالیٰ یعنی اﷲ کے یکتا ہونے اور اس کی عظیم قدرت پر دلالت کرنے والی نشانیوں میں سے چوتھی نشانی جو اس آیت میں بیان ہوئی ، وہ آسمان سے بارش کا نزول پھر اس بارش کے ذریعہ مردہ زمین کی زندگی اور اس سے ہر طرح کے پودوں کی روئیدگی اور انواع واقسام کے درختوں کی نشوونما ہے۔ کون نہیں جانتا کہ پانی صرف انسانوں ہی کے لئے نہیں بلکہ اس کرۂ ارض پر بسنے والی ہر جاندار مخلوق کے لئے رب کریم کا عظیم انعام اور عطیہ ہے۔ پانی کے بغیر کوئی جاندار زندہ نہیں رہ سکتا ، مختصر وقت کے لئے بھی پانی نہ ملے تو انسان ہی نہیں حیوانات بھی زندگی کی نعمت سے مرحوم ہوجاتے ہیں اور نباتات سے ان کی رونق اور سرسبزی و شادابی چھن جاتی ہے ، پھر وہ پژمُردگی کا شکار ہوجاتے ہیں ، اﷲ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
’’ اور ہم نے پانی سے ہر زندہ چیز کو بنایا ، کیا یہ لوگ پھر بھی ایمان نہیں لاتے ؟۔ ‘‘ ( الأنبیاء30) ۔
یقینا ہر چیز کے وجود پذیر ہونے میں اور اس کی بقا میں پانی کو بڑا دخل ہے اور پانی زندگی کا ایک اہم عنصر ہے ۔
اب کوئی رب کریم کی اس نوازش اور عظیم نعمت پر غور کرے کہ اس نے اپنے بندوں کے لئے آب رسانی کا کتنا بہترین نظام جاری فرمایا ، سمندروں کی شکل میں پانی کا وافر ذخیرہ کرۂ ارض پر پھیلادیا ، دریاؤں اور نہروں کی شکل میں خوشگوار اور میٹھا پانی جاری کردیا ، زمین کی تہہ میں پانی کی بھاری مقدار رکھ دی جسے انسان معمولی محنت و کوشش سے زمین کھود کر کنوؤں کی شکل میں حاصل کرتا ہے۔ اگر اﷲ اس پانی کو اتنا نیچے کردے کہ اس تک پہنچنا انسان کے بس میں نہ رہے تو کیا کوئی اور معبود یا قدرت والا ایسا ہے جو انسان کو میٹھا پانی دے سکے ؟ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’ تم کہہ دو ! تمہارا کیا خیال ہے اگر تمہارا پانی زمین میں نچلی سطح پر اُتر جائے تو کون ہے جو تمہارے لئے میٹھا پانی لے آئے ؟ ۔‘‘ ( الملک30) ۔
پھر آب رسانی کی سب سے بہتر شکل جس کا ہر انسان مشاہدہ کرتا ہے وہ بارش کا نظام ہے کہ سورج کی گرمی جب سمندر کے پانی پر پڑتی ہے تو وہ بخارات بن کر بادل کی شکل میں اوپر کو اُٹھتا ہے ، پھر یہ بادل ہواؤں کے دوش پر سفر کرکے جدھر اﷲ کا حکم ہو ادھر برس پڑتے ہیں جس سے انسان اور دیگر مخلوق مستفید ہوتی ہے:
’’ وہ اﷲ ہی ہے جو لوگوں کے نااُمید ہو جانے کے بعد بارش برساتا ہے اور اپنی رحمت پھیلا دیتا ہے، وہی کار ساز اور قابل تعریف ہے۔ ‘‘ ( الشوریٰ 28)۔
بارش کا یہ پانی تالابوں اور کنوؤں کی شکل میں جمع ہوکر نہ صرف انسانوں کے پینے کے کام آتا ہے بلکہ اس سے مردہ زمین میں زندگی پیدا ہوتی ہے اور پھر اس پانی کے ذریعہ ہی زمین سے انواع و اقسام کے درخت اور پودے اُگتے ہیں۔ غلہ ، اناج اور لذیذ پھل نکلتے ہیں۔ اگر آسمان سے بارش کے نزول کا یہ بہترین نظام نہ ہو یا اﷲ تعالیٰ بندوں کی نافرمانی اور گناہوں کے سبب بارش روک لے تو کیا یہ انسان کے بس میں ہے کہ وہ پانی جیسی زندگی کے لئے ضروری چیز کا کہیں سے انتظام کرسکے ؟ یا اﷲ تعالیٰ کے سوا کوئی ذات ایسی ہے جو انھیں یہ نعمت عطا کرسکے ؟ اﷲ تعالیٰ کے اس فرمان میں غور کیجئے، ارشاد ہے :
’’ اچھا یہ بتاؤ کہ جس پانی کو تم پیتے ہو اسے بادلوں سے بھی تم ہی اُتارتے ہو یا ہم برساتے ہیں ؟ اگر ہم چاہیں تو اسے کڑوا زہر کردیں پھر تم ہماری شکر گزاری کیوں نہیں کرتے ؟ ۔‘‘ ( الواقعہ70-68) ۔
اسی طرح ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’ بھلا بتاؤ تو کہ آسمانوں کو اور زمین کو کس نے پیدا کیا ؟ کس نے آسمان سے بارش برسائی ؟ پھر اس سے ہرے بھرے بارونق باغات اُگادیئے، ان باغوں کے درختوں کو تم ہرگز نہ اُگاسکتے ، کیا اﷲ کے ساتھ اور کوئی معبود بھی ہے ؟ بلکہ ( حقیقت یہ ہے کہ ) یہ لوگ ( سیدھی راہ سے ) ہٹ جاتے ہیں۔ ‘‘ (النمل60)۔
پھر آگے مزید چند دلائل اور قدرت کی نشانیوں کا تذکرہ کرنے کے بعد ارشاد ہے:
’’ کیا وہ جو مخلوق کی اول دفعہ پیدائش کرتا ہے ، پھر اسے لوٹائے گا اور تمہیں آسمان و زمین سے روزیاں دے رہا ہے ، کیا اﷲ کے ساتھ کوئی اور معبود ہے ؟ کہہ دیجئے اگر سچے ہوتو اپنی دلیل لاؤ۔ ‘‘ ( النمل64) ۔
ایک اور جگہ بھی قدرت الٰہی کا بیان اس طرح آیا ہے، ارشاد ہے :
’’ یہ اس لئے کہ اﷲ رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے اور بے شک اﷲ سننے والا دیکھنے والا ہے ، یہ سب اس لئے کہ اﷲ ہی حق ہے اور اس کے سوا جسے بھی یہ پکارتے ہیں وہ باطل ہے اور بے شک اﷲ ہی بلندی والا اور کبریائی والا ہے ، کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اﷲ تعالیٰ آسمان سے پانی برساتا ہے ، پس زمین سرسبز ہوجاتی ہے ، بے شک اﷲمہربان اور باخبر ہے ، آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے اسی کا ہے اور یقینا اﷲ وہی ہے بے نیاز اور تعریفوں والا ، کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اﷲ ہی نے زمین کی تمام چیزیں تمہارے لئے مسخر کردی ہیں اور اس کے فرمان سے پانی میں چلتی ہوئی کشتیاں بھی ، وہی آسمان کو تھامے ہوئے ہے کہ زمین پر اس کی اجازت کے بغیر گر نہ پڑے ، بے شک اﷲ تعالیٰ لوگوں پر شفقت و نرمی کرنے والا اور مہربان ہے، اسی نے تمہیں زندگی بخشی ، پھر وہی تمہیں موت دے گا ، پھر وہی تمہیں دوبارہ زندہ کرے گا ، بے شک انسان بڑا ناشکرا ہے۔ ‘‘ ( الحج66-61)۔
ان آیات اور توحید کے دلائل میں بھی غور کیجئے، ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’ اے لوگو ! اپنے اس رب کی عبادت کرو ، جس نے تمہیں اور تم سے پہلے کے لوگوں کو پیدا کیا تاکہ تم پرہیز گار بن جاؤ جس نے تمہارے لئے زمین کو فرش اور آسمان کو چھت بنایا اور آسمان سے پانی اُتارا پھر اس سے پھل پیدا کرکے تمہیں روزی دی ، خبردار جانتے بوجھتے اﷲ کے لئے شریک مقرر نہ کرو۔ ‘‘ ( البقرۃ 22,21)۔
اﷲ ایک ہے ، اس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ۔ کوئی غور و فکر کرے تو کائنات کا ذرہ ذرہ اسے اس حقیقت کی گواہی دیتا نظر آئے گا کہ اﷲ تعالیٰ کا کوئی شریک و ساجھی اور ہمسر نہیں ۔ اﷲ نے وحدانیت پر دلالت کرنے والی اپنی قدرت کی بے شمار نشانیاں کائنات میں پھیلادیں اوربندوں کو اس میں غور و فکر کی دعوت دی ہے لیکن انسان قدرت کی بڑی بڑی نشانیوں سے بھی منھ موڑے گزر جاتا ہے۔ یہ وسیع و عریض زمین جس کی پشت پر انسان چلتا پھرتا اور حیاتِ مستعار کے لمحات گزار رہا ہے ، سروں پر بلند و بالا بغیر ستون کے آسمان کا وجود اور اس میں ٹمٹماتے ستاروں کی رونق ، رات و دن کی آمد و رفت ، سورج کی روشنی و حرارت اور چاند کی نورانیت نیز آسمان سے بارش کا نزول اور مردہ زمین میں حیاتِ نو کا سرور ، زمین ایک طرح کی اور پانی بھی ایک ہی لیکن اسی پانی کے ذریعے زمین کے سینے پر انواع و اقسام کے سرسبز وشاداب لہلہاتے پودے رنگ برنگ کے پھول ، مختلف نوعیت کے اناج اور طرح طرح کی لذت دینے والے پھل ، ان سب کا پیدا کرنے والا کون ہے ؟ کیا یہ سب اس بات کی دلیل نہیں کہ اس کائنات میں ایک عظیم قدرت والی ہستی ایسی ہے جس نے ان سب کو انسان کے فائدے کے لئے ایک نظام میں باندھ دیا اور متعین کام پر لگادیا ہے۔ہر ایک مقررہ کام پر لگاہوا اور اپنی مفروضہ ڈیوٹی انجام دے رہا ہے۔ کسی میں سرتابی اور حکم عدولی کی مجال نہیں ، اسی ایک ذات باری تعالیٰ کا ارادہ اور حکم پوری کائنات میں کار فرما ہے ، اگر کوئی اس کا ہمسر ہوتا تو کائنات کا یہ نظام کبھی کا درہم برہم ہوجاتا ۔
قدرت ِالٰہی کی عظیم نشانی آسمان سے بارش کے نزول اور اس سے انسانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کا تذکرہ قرآن پاک میں جگہ جگہ آیا ہے تاکہ انسان اس میں غور و فکر کرکے اپنے رب کا شکر گزار بن جائے۔ قرآن کریم میں قدرت کی بے شمار نشانیوں کا تذکرہ آیا ہے۔ ان میں بارش کے نزول کا ذکر اس طرح ہے ، ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’ وہی ( اﷲ ) تمہارے فائدے کے لئے آسمان سے پانی برساتا ہے جسے تم پیتے بھی ہو اور اسی سے اُگے ہوئے درختوں کو تم اپنے جانوروں کو چراتے ہو ، اسی ( پانی ) سے وہ تمہارے لئے کھیتی اورزیتون اور کھجور اور انگور اور ہر قسم کے پھل اُگاتا ہے ، بے شک ان لوگوں کے لئے تو اس میں بڑی نشانی ہے جو غور و فکر کرتے ہیں۔ ‘‘ ( النحل11,10)۔
ایک اور جگہ ارشاد ہے:
’’ اﷲ وہ ہے جس نے آسمان کو بغیرستون کے بلند کر رکھا ہے کہ تم اسے دیکھ رہے ہو ، پھر وہ عرش پر قرار پکڑے ہوئے ہے ، اسی نے سورج اورچاند کو ماتحتی میں لگا رکھا ہے ، ہر ایک میعادِ معین پر گشت کررہا ہے ، وہی کام کی تدبیر کرتا ہے۔وہ اپنے نشانات کھول کھول کر بیان کر رہا ہے کہ تم اپنے رب کی ملاقات کا یقین کرلو ، اسی نے زمین پھیلا کر بچھادی ہے اور اس میں پہاڑ اور نہریں پیدا کردی ہیں اور اسی میں ہر قسم کے پھلوں کے جوڑے د ہرے پیدا کردیئے ہیں ، وہ رات کو دن سے چھپادیتا ہے ، یقینا غور و فکر کرنے والوں کے لئے اس میں بہت سی نشانیاں ہیں اور زمین میں مختلف ٹکڑے ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں اور انگور کے باغات ہیں اور کھیت ہیں اور کھجوروں کے درخت ہیں ، شاخ دار اور بعض ایسے ہیں جو بے شاخ ہیں سب ایک ہی پانی پلائے جاتے ہیں ، پھر بھی ہم ایک کو ایک پر پھلوں میں برتری دیتے ہیں ، اس میں عقلمندوں کے لئے بہت سی نشانیاں ہیں۔ ‘‘ ( الرعد 4-2)۔
ایک ہی زمین سے اور ایک ہی پانی کی سیرابی سے انواع و اقسام کے درختوں کا وجود اور مختلف لذتوں والے پھلوں کی پیداوار بھی قدرت کی عظیم نشانی ہے۔ اس پہلو سے غور فکر کی بھی قرآن نے دعوت دی ہے ، جیساکہ مذکورہ بالا فرمان باری تعالیٰ میں یہ بات واضح ہے اسی طرح اﷲ تعالیٰ کا یہ ارشاد بھی ملاحظہ کیجئے:
’’ اور وہ ( اﷲ ) ایسا ہے جس نے آسمان سے پانی برسایا ، پھر ہم نے اس کے ذریعہ سے ہر قسم کے نباتات کو نکالا پھر ہم نے اس سے سرسبز شاخ نکالی کہ اس سے ہم اوپر تلے دانے چڑھے ہوئے نکالتے ہیں اور کھجور کے درختوں سے یعنی ان کے گپھے میں سے خوشے ہیں جو نیچے کو لٹکے جاتے ہیں اور انگوروں کے باغ اور زیتون اور انار کے بعض ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہوتے ہیں اور کچھ ایک دوسرے سے ملتے جلتے نہیں ہوتے ، ہر ایک کے پھل کو دیکھو جب وہ پھلتا ہے اور اس کے پکنے کو دیکھو ، ان میں دلائل ہیں ، ان لوگوں کے لئے جو ایمان رکھتے ہیں۔ ‘‘ ( الانعام99)۔
ایک اور جگہ ارشاد ربانی ہے:
’’اور زمین میں مختلف ٹکڑے ( قطعہ اراضی ) ایک دوسرے سے لگتے لگاتے ہیں ( یعنی زمین ایک جیسی ہے لیکن ایک حصہ سرسبز و شاداب اور زرخیز ہے تو اسی سے متصل زمین کا دوسرا ٹکڑا بنجر ہے ، جس میں کسی قسم کی پیداوار نہیں ہوتی ) اور انگوروں کے باغات ہیں اور کھیت ہیں اور کھجوروں کے درخت ہیں شاخ دار اور بعض ایسے ہیں جو بے شاخ ہیں ، سب ایک ہی پانی پلائے جاتے ہیں پھر بھی ہم ایک کو ایک پر پھلوں میں برتری دیتے ہیں ، اس میں عقلمندوں کے لئے بہت سی نشانیاں ہیں۔ ‘‘ ( الرعد4)۔
الغرض قدرتِ الٰہی کی عظیم نشانیوں میں ایک اہم نشانی آسمان سے بارش کا نزول ہے جو انسانوں کے علاوہ روئے زمین پر بسنے والی دیگر مخلوقات کی زندگی اور بقاء کا ایک اہم عنصر ہے ، یہی بارش ہے جس سے مردہ زمین میں زندگی کے آثار نمودار ہوتے ہیں ، اس سے لہلہاتے پودے اور انواع و اقسام کے درخت اُگتے ہیں ، جسے چوپائے بھی کھاتے ہیں اور اس کے پھل انسانوں کی غذا بنتے ہیں ، ہر قسم کے اناج اور غلہ کی پیداوار اسی بارش کے سبب ہے ، اگر اﷲ آسمان میں بارش کو روک لے تو کوئی طاقت نہیں جو آسمان سے بارش برساسکے۔ قرآن پاک میں جگہ جگہ غور و فکر کے لئے اﷲ تعالیٰ نے اپنے ان انعامات کا ذکر فرمایا ہے تاکہ بندے قدرت کی ا ن نشانیوں میں غور کرکے اﷲ کی معرفت حاصل کریں اور اس کے شکر گزار بن جائیں ۔
 

شیئر: